• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایف یو جے کا فیصل واوڈا کی دھمکیوں پر اظہار تشویش


پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی جانب سے صحافیوں کو دھمکیاں دیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور جنرل سیکریٹری ناصر زیدی نے ایک بیان میں کہا کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے سوشل میڈیا پر سینئر صحافیوں کیخلاف قابل اعتراض زبان استعمال کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیصل واوڈا نے وسعت اللّٰہ خان، ضرار کھوڑو، مبشرزیدی، فخر درانی اور عمر چیمہ جیسے قابل احترام صحافیوں سے بدزبانی کی۔

شہزادہ ذوالفقار اور ناصر زیدی نے یہ بھی کہا کہ سرکاری عہدیداروں اور منتخب نمائندوں کا اس طرح سے زبان کا استعمال کرنا حیران کن ہے۔

پی ایف یو جے نے وفاقی وزیر سے اپنے عمل پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے وزیر کے رویے کی تحقیقات کریں۔

صدر شہزادہ ذوالفقار اور جنرل سیکریٹری ناصر زیدی نے مزید کہا کہ فیصل واوڈا حکومت اور پی ٹی آئی دونوں کے لیے بوجھ بن چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے غیر قانونی اثاثوں اور امریکی شہریت کے سوال پر سینئر صحافیوں کو دھمکیاں دی ہیں۔

تازہ ترین