کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیرتوانائی عمر ایوب خان نے کہا کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو 650کے بجائے 800میگا واٹ بجلی دے رہی ہے‘کے الیکٹرک کو گیس کی سپلائی بھی بڑھا دی گئی اور طے شدہ 190ایم ایم سی ایف ڈی کے بجائے 250 سے 280ایم ایم سی ایف ڈی تک گیس بھی فراہم کی جارہی ہے۔
اس لئے کے الیکٹرک شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالہ کو یقینی بنائے۔یہ بات انھوں نے گورنرسندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنرہاؤس میں ایک اجلاس میں ویڈیولنک کے ذریعے بتائی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی میں بجلی کی مسلسل فراہمی کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے‘ اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی بالخصوص غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شہریوں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔
اسے فوری ختم ہونا چاہئے اورصورتحال کا تدارک کرکے شہریوں کو جلد از ریلیف دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ چند روز قبل کے الیکٹر ک نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ 48گھنٹوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے لیکن اس پر تاحال عمل درآمد نہ کیا جاسکا ۔
اجلاس میں کے الیکٹرک کی کارکردگی پر اراکین اسمبلی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کے الیکٹر ک کی کارکردگی بہتر نہ ہو اس کے ٹیرف میں اضافہ نہ کیا جائے ۔ اراکین اسمبلی نے شکوہ کیا کہ کے الیکٹرک تاخیرسے میٹر ریڈنگ کرتی ہے۔