کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم نے اس کا ثبوت دیا جس کی بنیاد پر جج کی برطرفی کا فیصلہ آیا،ماہر قانون بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ جج ارشد ملک کی جانبداری ثابت ہوجاتی ہے تو نواز شریف کی سزا اور بریت دونوں فیصلے ختم ہوجائیں گے،ماہر قانون کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ن لیگ جج ارشد ملک کی برطرفی کی بنیاد پر نواز شریف کی سزا کالعدم قرار دلوانا چاہتی ہے تو یہی اصول اس کیس پر بھی لاگو ہوگا جس میں انہیں بری کیا گیا،میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ عدالت نے جج کو برطرف توکردیا مگر سوالات اٹھ رہے ہیں کہ جج ارشد ملک پر مس کنڈکٹ کے بہت سارے الزامات ہیں کس الزام پر انہیں برطرف کیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت ہر چیز کو اپنی فتح بتاتی ہے، یہ حکومت سے جائیں گے تو اسے بھی اپنی فتح قرار دیں گے، جج ارشد ملک کی برطرفی کافیصلہ لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کا متفقہ فیصلہ ہے، ہم پہلے ہی کہتے تھے کہ نیب کی عدالتوں میں انصاف نہیں ملتا ہے،ہم نے اس کا ثبوت دیا جس کی بنیاد پر جج کی برطرفی کا فیصلہ آیا، جج ارشد ملک کی برطرفی ہمارے موقف کی کامیابی ہے کہ نواز شریف کو اس عدالت سے انصاف نہیں ملا۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا انفرادی کیس ہے وہ اپنے قانونی حق کیلئے لڑیں گے، لیکن عدلیہ کی ساکھ متاثر ہونا بہت سنجیدہ مسئلہ ہے چیف جسٹس ہی اس کا نوٹس لے سکتے ہیں، امیدہے چیف جسٹس پاکستان اس کا ازخود نوٹس لے کر عدالتوں کی متاثر ساکھ بحال کریں گے، جج کی برطرفی کے بعد احتساب کے نام نہاد پراسس پر سوال اٹھ گئے ہیں، ایک وزیراعظم کے کیس میں جج کو بلیک میل کر کے فیصلہ لیاگیاتو عام آدمی انصاف کی توقع کیسے کرے گا،چیئرمین نیب خود سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں انہیں قانون کے تقاضے پتا ہونے چاہئیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے پانچ سال حکومت کی ایک کرپشن کا اسکینڈل نہیں ہے، عمران خان اورا س کے وزراء کے کرپشن کے چھ بڑے اسکینڈل سامنے رکھ سکتا ہوں، ادویات،گندم، پٹرول، چینی سمیت اسکینڈلوں کی طویل فہرست ہے، چینی اسکینڈل میں 150ارب روپے عوام کی جیب سے جاچکا ہے اورآج بھی چینی 20روپے مہنگی فروخت رہی ہے، ابھی آپ پورٹ اینڈ شپنگ ، پٹرولیم او ر فائنانس منسٹری میں بھی اسکینڈل دیکھیں گے، سوا آٹھ کا بانڈ بیچ کر اگلے دن ریٹ سات فیصد پر کردیا، اربوں ڈالر آیا اورچلا گیا پاکستان نے اس پر سواتیرہ فیصدسودادا کیا جبکہ یہی پیسہ مارکیٹ میں 6فیصد پرمل رہا تھا۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے پہلے امریکی شہریت چھوڑ دی تھی توبے قصورہیں اگر نہیں کیا تھا تو پانی کی وزارت مزید تباہ کرتے رہیں گے، قانون واضح ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت آپ کسی دوسرے ملک کے نیشنل تھے تو نااہل ہوجائیں گے۔ ماہر قانون بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ جج ارشد ملک کی جانبداری ثابت ہوجاتی ہے تو نواز شریف کی سزا اور بریت دونوں فیصلے ختم ہوجائیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ اس کے بعد کیس کو احتساب عدالت کے نئے جج کے سامنے بھیج دے گا، ہائیکورٹ خودبھی فیصلہ کرسکتا ہے کہ سزا ہونی چاہئے یا بری ہونا چاہئے۔ماہر قانون کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ن لیگ جج ارشد ملک کی برطرفی کی بنیاد پر نواز شریف کی سزا کالعدم قرار دلوانا چاہتی ہے تو یہی اصول اس کیس پر بھی لاگو ہوگا جس میں انہیں بری کیا گیا۔