پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے مقبول ترین تُرکش سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں ’حلیمہ سلطان‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والی اسراء بلجیک کو فرنچائز کا برانڈ ایمبیسڈر بنانے کے حوالے سے کرکٹ شائقین سے مشورہ مانگ لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاوید آفریدی نے گزشتہ دنوں اپنے ’ارطغرل‘ کا کردار ادا کرنے والے انجن التان کو پی ایس ایل کا حصہ بنانے کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کیا تھا جس پر کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد نے سیریز کا مرکزی کردار ’حلیمہ سلطان‘ یعنی اسراء بلجیک کو بھی پی ایس ایل کا حصہ بنانے کی فرمائش کی تھی۔
اپنے گزشتہ ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے جاوید آفریدی نے لکھا کہ پشاور زلمی کے برانڈ ایمبیسڈر کے حوالے سے لکھا کہ ’کیا ہو کہ اگر ہم یہ آفر حلیمہ سلطان کو بھی دے دیں۔‘
جاوید آفریدی کے اس ٹوئٹ کے بعد سے پاکستانی کرکٹ شائقین کی جانب سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نہایت دلچسپ جوابات کا سلسلہ جاری ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ اگر ایسا ہوگیا تو اُن کی سپورٹ کراچی کنگز نہیں بلکہ پشاور زلمی کیلئے ہوگی۔
صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ایسا ہوجاتا ہے تو پورے پاکستان کی حمایت پشاور زلمی کے ساتھ ہی ہوگی۔
ایک صارف نے مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ کیا ہی اچھا ہو کہ آپ ’ارطغرل غازی‘ کے سیزن ون کی پوری کاسٹ کو پی ایس ایل کیلئے مدعو کرلیں، قوم آپ کی ہمیشہ شکر گزار رہے گی۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سرکاری ٹی وی چینل پر اردو زبان میں ڈب کر کے نشر کی جانے والی معروف تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ نے سب کو اپنے سحر میں مبتلا کیا ہوا ہے۔