پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے مقبول ترین تُرکش سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں ’ارطغرل‘ کا مرکزی کردار ادا کرنے والے انجن التان کو فرنچائز کا برانڈ ایمبیسڈر بنانے کے حوالے سے کرکٹ شائقین سے مشورہ مانگ لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاوید آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں مداحوں سے مشورہ مانگتے ہوئے لکھا کہ ’کیا ہو کہ اگر ’ارطغرل غازی‘ پشاور زلمی کو بطور برانڈ ایمبیسڈر جوائن کرلیں؟‘
جاوید آفریدی کی جانب سے اس ٹوئٹ کے آنا کا انتظار تھا کہ سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس خیال کی پھرپور حمایت کی اور ساتھ ہی ’حلیمہ سلطان‘ کا کردار ادا کرنے والی اسراء بلجیک کا مطالبہ بھی کر دیا-
سوشل میڈیا صارفین نے اپنے پسندیدہ ٹیموں کے مالکان سے سیریز کے دیگر کرداروں کو بھی پاکستان بُلا کر برینڈ ایمبیسڈر بنانے کا مشورہ دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ اگر انجن التان پاکستان آئے اور اسٹیڈیم میں اپنا ڈرامے کے کردار کا لباس زیب تن کریں تو میچ کا مزہ دوبالا ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سرکاری ٹی وی چینل پر اردو زبان میں ڈب کر کے نشر کی جانے والی معروف تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ نے سب کو اپنے سحر میں مبتلا کیا ہوا ہے۔