• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیلتھ کیئر سسٹم بہتر کر کے کورونا اموات پر قابو پایا ہے، وزیرِ اعلیٰ سندھ


وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم نے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر کرکے کورونا وائرس سے ہونے والی اموات پر قابو پایا ہے۔

ترجمان وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء، میئر کراچی وسیم اختر، چیف سیکریٹری و دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ اور شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان میں 2 لاکھ 25 ہزار 283 کورونا کے کیسز ہیں، جبکہ سندھ میں کورونا کے 90 ہزار 721 کیسز ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی شرح 2 اعشاریہ 5 فیصد ہے، سندھ میں1 اعشاریہ 61 فیصد، کے پی کے میں 3 اعشاریہ 62 فیصد، بلوچستان میں1 اعشاریہ 14 فیصد، گلگت بلتستان میں 1 اعشاریہ 82 فیصد، اسلام آباد میں 0 اعشاریہ 98 فیصد، پنجاب میں 2 اعشاریہ 3 فیصد ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پورے ملک میں 1 لاکھ 25 ہزار 94 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، جبکہ صوبہ سندھ میں 50 ہزار 908 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

صحت یابی کی شرح سندھ میں کورونا وائرس سے 56 فیصد، پنجاب میں 53 فیصد، کے پی کے میں 56 فیصد، اسلام آباد میں 65 فیصد، گلگت بلتستان میں 77 فیصد، بلوچستان میں 50 فیصد اور آزاد کشمیرمیں 57 فیصد ہے۔

سندھ میں اس وقت 38 ہزار 354 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں، پنجاب میں 35 ہزار 599 مریض، کے پی کے میں 10 ہزار 984 مریض، اسلام آباد میں 4 ہزار 552، گللگت بلتستان میں323، بلوچستان میں 5 ہزار 264 اور آزاد کشمیر میں 494 مریض زیرِ علاج ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس حساب سے سندھ میں سب سے زیادہ مریض زیرِ علاج ہیں، سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے 10 ہزار 985 بستر ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

صوبے میں مزید 31 کورونا مریض انتقال کر گئے، وزیرِ اعلیٰ سندھ

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 9 ہزار 276، اسلام آباد میں 5 ہزار 440، اسلام آباد میں 541 ، گلگت بلتستان میں 151، بلوچستان میں 1 ہزار 103 اور آزاد جموں و کشمیر میں 918 بیڈ ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے بہتر سہولتوں کا بندوبست کیا گیا ہے، ہم نے کوشش کی ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کا علیحدہ علاج کیا جائے، سندھ اور دیگر صوبوں کے درمیان موازنہ کرنے کا مطلب اپنی سہولتوں کا جائزہ لینا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ 33 دنوں میں سندھ میں 3 لاکھ 247 ٹیسٹ کیے گئے، پنجاب میں 2 لاکھ 86 ہزار 49، خیبر پختون خوا میں 93 ہزار 377 ، اسلام آبادمیں 90 ہزار 557، گلگت بلتستان میں 5ہزار 100، بلوچستان میں 26 ہزار 8 اور آزاد کشمیر میں 10 ہزار 351 ٹیسٹ کیے گئے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس نے کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے اسپتال قائم کر کے شروع بھی کر دیے ہیں۔

تازہ ترین