• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے میں مزید 31 کورونا مریض انتقال کر گئے، وزیرِ اعلیٰ سندھ


وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 804 نئے کورونا مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ مزید 31 مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 427 ہوگئی۔

سندھ میں کورونا وائرس کی صورتِ حال سے متعلق وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جاری کیے گئے بیان میں بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 ہزار 316 ٹیسٹ کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں آج صحت یاب ہونے والے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے، آج 1 ہزار 563 مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو چلے گئے۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اس وقت صوبے بھر میں 12 ہزار 936 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 11 ہزار 902 مریض گھروں پر آئیسولیشن میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 126 کورونا مریض آئسولیشن مراکز اور 908 مریض اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں 308 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 52 کورونا مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں 597 مزید کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے کورنگی میں 104، ضلع شرقی میں 132، جنوبی میں 117، ضلع وسطی میں 79، ملیر میں 68 اور غربی میں 61 نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا کیسز کا بڑھنا بے احتیاطی کا نتیجہ ہے، مراد علی شاہ

انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں کورونا وائرس کے 37، گھوٹکی میں 24، لاڑکانہ میں 23، جیکب آباد اور جامشورو میں 10، 10 جبکہ شکار پور اور بدین میں 7، 7 مزید کیسز سامنے آئے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا مزید کہنا ہے کہ دادو میں کورونا وائرس کے 4، عمر کوٹ میں 3 اور سانگھڑ میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کشمور، خیر پور، مٹیاری، نواب شاہ اور ٹنڈوالٰہ یار میں کورونا وائرس کا مزید ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

تازہ ترین