• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پائلٹس ایشو: شاہد خاقان نے حکومت کے سامنے تجاویز رکھ دیں


سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی ای اے) میں بہتری کےلیے حکومت کے سامنے تجاویز رکھ دیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کسی سیاسی مسئلے پر نہیں، انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی ساکھ خطرے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج سیاست ہوگی نہ کسی کی پگڑی اچھالی جائے گی، پاکستان کا ایوی ایشن سیکٹر دنیا کا مانا ہوا سیکٹر ہے، جس کی ساکھ اب خطرے میں ہے، اس مسئلے کے حل کیلئے حکومت کو تجاویز دینا چاہتا ہوں۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ رپورٹ کے مطابق 860 میں سے 262 پائلٹس مشکوک ہیں، سول ایوی ایشن کو چاہئے کہ ان 262 پائلٹس کو شوکاز نوٹس جاری کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکوک پائلٹس کا ایشو پی آئی اے کا نہیں سول ایوی ایشن کا ہے جو خود ریگولیٹر ہے، وہی لائسنس جاری کرتا ہے، پائلٹس کے امتحانات سول ایوی ایشن اتھارٹی لیتا ہے، امتحان دیتے وقت سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ جن پائلٹس کی لسٹ دی گئی ہے، ان میں چند شہید ہو گئے، کچھ پائلٹس ریٹائرڈ ہوگئے، کچھ کا آ ڈٹ کلیئر نہیں اور کچھ کورٹ گئے ہوئے ہیں جبکہ 50 سے زیادہ پائلٹ مجھ سے رابطے میں ہیں کہ ہمارا کیا بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان پائلٹس کو صفائی کا موقع دینا چاہیے، اگر کسی پائلٹ نے کسی امتحان میں نقل کی ہے ان کو فارغ کرنا چاہئے، یہ اختیار سول ایوی ایشن کے پاس ہے۔

تازہ ترین