• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

18ویں ترمیم سے چھیڑ چھاڑ کا مطلب وفاق پر حملہ ہوگا، آصف زرداری

18ویں ترمیم سے چھیڑ چھاڑ کا مطلب وفاق پر حملہ ہوگا، آصف زرداری 


اسلام آباد(نمائندہ جنگ) شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 18ویں آئین ترمیم سے چھیڑ چھاڑ کا مطلب وفاق پر حملہ ہوگا،آئین، جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے اصولوں پر ثابت قدم ہیں اس پر کوئی سمجھوتہ یا سودے بازی نہیں ہو سکتی،جمہوریت ملک کے عزت و وقار کا تحفظ کرتی ہے اور معاشرے کومہذب بناتی ہے اور صبر اور برداشت کا کلچر پروان چڑھتا ہے،5جولائی یوم سیاہ کے موقع پر نصرت بھٹو، بینظیر بھٹو سمیت ان تمام سیاسی کارکنوں ، طالب علموں، مزدوروں اور صحافیوں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت قوم کو تحفے کے طور پر نہیں ملی بلکہ اس کے لئے بینظیر بھٹو شہید سمیت ہزاروں کارکنوں کو جان کا نذرانہ دینا پڑا۔آمریت سے ملکی آزادی اور قومی خودداری تباہ،معاشرے کو بھی اندھیروں کی طرف دھکیل دیتی ہے۔سابق صدر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن جمہوریت کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ پارلیمنٹ ہی سپریم ادارہ ہے جسکی تعظیم کرنا تمام اداروں کا آئینی فرض ہے۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے کہا کہ 5جولائی 1977 کو آمر نے پہلی منتخب عوامی جمہوری حکومت پر شب خون مارا،آج عوامی مینڈیٹ کی توہین کرنے کی مذمت ملک کے کونے کونے میں کی جائیگی۔ پیپلز پارٹی آمر کی باقیات کے خاتمے اور حقیقی جمہوریت کے قیام تک جدوجہد جاری رکھے گی۔

تازہ ترین