• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل واوڈا نااہلی کیس کی جلد سماعت کا تحریری حکم جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا نااہلی کیس جلدسماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست منظوری کا تحریری حکم جاری کردیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی جانب سے تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا جس میں ہدایت دی گئی کہ رجسٹرار آفس اگست کے تیسرے ہفتے میں کیس سماعت کیلئے مقرر کرے۔

پٹیشنر میاں فیصل کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر جدون نے جلد سماعت کی درخواست دائر کی تھی، درخواستگزار کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو دہری شہریت چھپانے پر نااہل قرار دینے کی پٹیشن زیر سماعت ہے۔

درخواست کے متن میں کہا گیا تھاکہ فیصل واوڈا نے11 جون کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے جنہیں ریٹرننگ افسرنے18 جون کو منظور کیا، جبکہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت ترک کرنے کی درخواست22 جون کو جمع کرائی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت فیصل واوڈا امریکی شہریت رکھتے تھے جسے چھپایا گیا،ان کے خلاف رٹ پٹیشن کی گزشتہ سماعت 29 جنوری 2020 ءکو ہوئی،فیصل واوڈا نے غیرقانونی طور پر پبلک آفس سنبھال رکھا ہے۔

پٹیشنر میاں فیصل کا مزید کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے ابھی تک نااہلی درخواست پر اپنا جواب عدالت میں جمع نہیں کرایا، فریقین جان بوجھ کر معاملے کو طول دینا چاہتے ہیں، جنوری 2020 ء کے بعد سے کیس کو سماعت کیلئے مقرر نہیں کیا جاسکا ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عوام کے بنیادی حقوق کے باعث کیس پر عدالت کی فوری توجہ کی ضرورت ہے، انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست جلد سماعت کیلئے مقررکی جائے۔

واضح رہے کہ عدالت نے نااہلی درخواست پرفیصل واوڈا اورالیکشن کمیشن سمیت فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے۔

تازہ ترین