ملتان (سٹاف رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز لَور یوتھ ونگ کے زیر اہتمام بہاول پور سیکرٹریٹ بنانے کے خلاف باغ حسین چوک سمیجہ آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرہ کی قیادت نواز لَور یوتھ ونگ جنوبی پنجاب کے صدر ملک خالد بھٹہ نے کی۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ملک خالد بھٹہ نے کہا ملتان کی عوام بہاول پور سیکرٹریٹ کو مسترد کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اپنے وعدے کے مطابق ملتان میں سیکرٹریٹ بنوائیں ورنہ ملتان کی عوام آئندہ آنے والے الیکشن میں ایم این ایز اور ایم پی ایز میں کسی کو ووٹ نہیں دیں گے، اگر ہمارے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو ہم پورے جنوبی پنجاب میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کردیں گے۔ مظاہرہ میں خواتین ونگ کی صدر میڈم ناہید اختر، صائمہ چوہدری، فیصل تنویر، شیراز بھٹہ، صابر سمیجہ، حمزہ تنویر و دیگر یوتھ کے نوجوانوں نے شرکت کی ۔