• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری دیوی کے میرے لیے تعریفی الفاظ آج بھی مجھے یاد ہیں، عدنان صدیقی


پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی کا کہنا ہے کہ اُنہیں آج بھی وہ الفاظ یاد ہیں جو بھارتی آنجہانی سُپر اسٹار سری دیوی نے اُن کی تعریف میں کہے تھے۔

عدنان صدیقی نے فلم ’موم‘ کے تین سال مکمل ہونے پر فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک خصوصی ویڈیو پوسٹ کی جس میں ’موم‘ کے کچھ مناظر کو دکھایا گیا ہے۔


ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے لکھا کہ ’فلم ’موم‘ ہمیشہ میرے لیے خاص ہوگی کیونکہ اِس فلم سے کافی حسین یادیں وابستہ ہیں۔‘

عدنان صدیقی نے لکھا کہ ’آج اُن دِنوں کو یاد کر رہا ہوں جب بھارت اور جارجیا میں ہم فلم ’موم‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے اور سوچ رہا ہوں کہ کاش میں آج اِس خاص موقع پر سری دیوی جی کو فون کرتا اور اُن سے باتیں کرسکتا۔‘

اداکار نے اپنی فلم کا ایک منظر یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے یاد ہے کہ جب میں فلم کے ایک منظر میں سری میم سے کہتا ہوں:

ہم لڑیں گے اور اپنی بیٹی کو انصاف دلائیں گے

’جب اِس منظر کی عکس بندی ہوگئی تو سری میم میرے پاس آئیں اور اُنہوں نے مجھ سے کہا کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ آپ ہمارے ساتھ اِس فلم میں ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’سری میم کے ساتھ کسی پروجیکٹ میں کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی اور پھر اُن کی طرف سے میری تعریف میں الفاظ سُن کر میں بےحد خوش ہوا اور میں وہ الفاظ کبھی نہیں بھول سکتا ہوں۔‘

عدنان صدیقی نے لکھا کہ ’ہر فلم ایک الگ تجربہ دیتی ہے لیکن کچھ فلمیں آپ کے دل کے بہت قریب ہوجاتی ہیں اور ’موم‘ بھی اُن میں سے ایک ہے۔‘

اداکار نے مزید لکھا کہ ’فلم موم کو تین سال مکمل ہوگئے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ جیسے کل ہی کی بات ہو۔‘

اِس سے قبل سجل علی نے انسٹاگرام پر فلم ’موم‘ کے سیٹ کی کچھ یادگار تصاویر پوسٹ کی تھیں اور اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’اُن کے لیے ’موم‘ صرف ایک فلم نہیں تھی بلکہ اُن کی زندگی کا ایک حصہ ہے جسے وہ کبھی نہیں بھول سکتی ہیں۔‘

واضح رہے کہ بھارتی فلم ’موم‘ 7 جولائی 2017 کو ریلیز ہوئی تھی، اس فلم کی ہدایت کاری روی ادیاور نے انجام دی تھی جبکہ فلم کے مرکزی کرداروں میں بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ سری دیوی، اداکار اکشے کھنّہ، نوازالدین صدیقی، سجل علی اور اداکار عدنان صدیقی شامل ہیں۔

تازہ ترین