پنجاب کی کابینہ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے، جبکہ عیدالاضحیٰ پر پارک اور تفریحی مقامات بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے کورونا اینڈ ڈینگی کنٹرول کااجلاس ہوا۔
اجلاس میں اسکولوں کے ایڈمن آفس کھولنے اور انتظامی عملے کو آنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ طلبا اور اساتذہ کو اسکولوں میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسکول کھولنے سے پہلے محکمہ اسکول ایجوکیشن ایس او پیز پر مکمل گائیڈ لائن جاری کرے گا، جبکہ اسکولوں کو 2 شفٹوں میں چلانے پر غور کیا گیا ہے اور ہر شفٹ میں ڈھائی گھنٹے کی کلاسز ہوں گی۔
اسکولوں میں ہینڈ واش، ماسک اور دیگر ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پراپرٹی، پروفیشنل ٹیکس اور ایکسائز پرمنٹ کے اجراء کی اجازت دی جائے گی۔
صوبائی کابینہ کے فیصلے مطابق پنجاب میں ڈینگی سرویلنس نہ کرنے والے عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔
کابینہ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 6 شہروں میں زیادہ کورونا مریض سامنے آنے پر عارضی لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔