• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خفیہ ادارے کی رپورٹ پر کارروائی،سپرنٹنڈنٹ ثاقب نذیر کے تبادلہ کے احکامات رات گئے جاری کئے گئے ،مزید تبادلوں کا امکان

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)سینٹرل جیل اڈیالہ کے سپرنٹنڈنٹ ثاقب نذیر سمیت11 ملازمین کوتبدیل کردیاگیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم حکومت پنجاب نے جمعہ کی رات سینٹرل جیل راولپنڈی کے سپرنٹنڈنٹ ثاقب نذیرکوتبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔انہیں فوری طور پرانسپکٹوریٹ آف پریژنزپنجاب لاہوررپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔جب کہ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل شیخوپورہ اصغرعلی کوسینٹرل جیل راولپنڈی کاسپرنٹنڈنٹ تعینات کردیاگیاہے ۔ یاد رہے کہ خفیہ ادارے کی رپورٹ میں اڈیالہ میں منشیات فروشی ،جواکرانے اوراسیروں کے پی پی اکاؤنٹس میں گھپلوں سمیت دیگرسنگین بے قاعدگیوں کاانکشاف کیاگیاتھاجس پرڈی آئی جی انسپکشن طارق محمودبابرکوانکوائری افسرمقررکرکے تحقیقات کاحکم دیاگیاتھا،ذرائع کے مطابق یہ تبادلہ اسی انکوائری کی روشنی میں کیاگیاہے ۔ دریں اثناء مختلف بے قاعدگیوں میں ملوث اڈیالہ جیل کے چکرانچارج اورچیف چکرسمیت 10ملازمین کےتبادلے بھی کردئیے گئے۔انسپکٹرجنرل جیل خانہ جات پنجاب نے جمعہ کو سینٹرل جیل اڈیالہ کے چکرانچارج اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ذیشان سرورچیمہ کوسینٹرل جیل گوجرانوالہ،چیف چکرچیف ہیڈوارڈرمحمدحسین کوڈسٹرکٹ جیل گجرات ،ہیڈوارڈرعامرفراز کو ڈسٹرکٹ جیل اٹک، ہیڈوارڈرغلام علی کو ڈسٹرکٹ جیل جہلم ،ہیڈوارڈرخالدپرویز کو ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین،وارڈرناصرمحمود کوڈسٹرکٹ جیل اٹک، وارڈرمحمدبوٹا کوڈسٹرکٹ جیل جہلم، وارڈر سجادصادق کوڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین، وارڈرمحمدظہیر کوسب جیل چکوال اوروارڈر ناصر محمود نیازی کوڈسٹرکٹ جیل گجرات تبدیل کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔آئی جی جیل خانہ جات نےاڈیالہ جیل انتظامیہ کوتبدیل کئے گئے ملازمین کوجمعہ کوہی ریلیوکرنے کاحکم دیا۔ذرائع کاکہناہے کہ ان ملازمین کے تبادلے خفیہ ادارے کی رپورٹ اورڈی آئی جی جیل خانہ راولپنڈی کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات کوبھجوائی گئی سفارشات کی روشنی میں کئے گئے ہیں جب کہ ڈی آئی جی انسپکشن کی انکوائری رپورٹ آنے کے بعدمزیدمحکمانہ کارروائی متوقع ہے ۔ذرائع کاکہناہے مزید افسروں اورملازمین کےتبادلے بھی جلدمتوقع ہیں۔
تازہ ترین