گوجرانوالہ میں تھانہ گکھڑ منڈی میں 17 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی آر میں پولیس اہلکاروں کے خلاف شہری کے گھر میں داخل ہونے اور دوران تلاشی زیورات اور نقدی لوٹنے کے الزامات لگائے گئے ہیں ، جبکہ اہلکاروں نے مقدمے کو جھوٹا قرار دیدیا ہے۔
تھانہ گکھڑ منڈی میں تعینات سابق ایس ایچ او مشتاق احمد سمیت 17 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ، مقدمہ وزیرآباد کے رہائشی اشفاق احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق پولیس اہلکار رات کے وقت چار دیواری پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے اور دوران تلاشی گھر سے زیورات اور نقدی بھی لوٹ کر لے گئے جبکہ پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے مقدمۂ قتل کے اشتہاری ملزم ارسلان کی گرفتاری کیلئے چھاپا مارا گیا تھا لوٹ مار کے الزامات بے بنیاد ہیں ۔
اس بارے میں ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹر فہد کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر کا متن مدعی مقدمہ کی درخواست پر مبنی ہے، مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی۔