• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

25 منٹ میں کورونا کا ٹیسٹ اور نتیجہ فراہم کرنیوالی کٹ تیار

جاپان کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی نے صرف پچیس منٹ میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے اور اس کا نتیجہ فراہم کرنے والی ٹیکنالوجی کٹ تیار کرلی ہے۔

اس ٹیکنالوجی کو فوری طور پر پاکستان منتقل کرنے کے لیے پاک جاپان بزنس کونسل نے جاپانی کمپنی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں جس کے تحت دس ہزار ٹیسٹنگ کٹ ابتدائی طور پر پاکستان منتقل کی جائیں گی۔

پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک کورونا ٹیسٹ کے نتائج کے لیے 24 سے 72 گھنٹے تک انتظار کیا جاتا ہے تاہم نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے اب 25 منٹ میں کورونا وائرس کا نتیجہ حاصل کیا جاسکے گا جبکہ اس کا ٹیسٹ کرنا بھی انتہائی آسان ہوگیا ہے۔

رانا عابد حسین نے بتایا کہ وہ پاکستان میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر یہ ٹیسٹنگ کٹ پاکستان میں متعارف کرائیں گے تاکہ غریب اور نادار افراد کے لیے اس ٹیسٹنگ کٹ کو استعمال کیا جائے۔

رانا عابد حسین نے کہا کہ ابتدائی طور پر دس ہزار ٹیسٹنگ کٹ پاکستان منتقل کی جائیں گی جبکہ وہ جاپان میں پاکستانی سفیر امتیاز احمد سے مل کر انہیں بھی نئی جاپانی ٹیکنالوجی سے آگاہ کریں گے۔

رانا عابد حسین کے مطابق نئی ٹیکنالوجی جاپانی اور یورپی اسٹینڈرڈ کے معیار پر پوری اترتی ہے اور یہ ٹیکنالوجی کٹ پرانے اور نئے کورونا وائرس دونوں کو شناخت کرکے بہترین نتائج فراہم کرتی ہے جس کے نتائج اٹھانوے فیصد تک درست ثابت ہوتے ہیں۔

تازہ ترین