• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمٰن جس سے چاہیں ملیں، حکومت کہیں نہیں جارہی، شفقت محمود


وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، سابق صدر آصف زرداری سمیت جس سے چاہیں ملیں، حکومت کہیں نہیں جارہی۔

جیو نیوز سے گفتگو میں شفقت محمود نے مولانا فضل الرحمٰن، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد بننا پاکستانی سیاست کا کلچر ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ حکومت عوام کی طاقت سے بنی ہے اور عوام کی طاقت سے ہی قائم رہے گی۔

گزشتہ روز مولانا فضل الرحمٰن نے بلاول ہاؤ س کراچی میں سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ڈیڑھ گھنٹہ طویل ملاقات کی تھی۔

ملاقات میں سیاسی رہنماؤں نے ملکی سالمیت اور بقا کی خاطر سیاسی امور میں ساتھ چلنے پر اتفاق کیا، اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے آصف زرداری کی خیریت بھی دریافت کی۔

سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے این ایف سی ایوارڈ اور 18ویں آئینی ترمیم پر غیرلچکدار مؤقف اپنانے پر اتفاق کیا۔

شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری نے کہا کہ عوام دشمن بجٹ اور این ایف سی ایوارڈ سے متعلق کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان حکومت چلانے کے اہل نہیں ہیں۔

تازہ ترین