• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ سطحی پینل کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان کو مکمل کرے گا۔ انسدادِ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کو مالیاتی رسائی کی روک تھام کے مؤثر اقدامات میں اضافے کے ذریعے 14نکات پر مکمل عملدرآمد اور 13پر خاطر خواہ اور میوچل ایویلیو ایشن رپورٹ کی سفارشات پر نمایاں پیشرفت ہوئی ہے جس میں تکنیکی بہتری کے لئے پندرہ قانونی ترامیم شامل ہیں۔ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں تک مالی رسائی کے خاتمے کے لئے نیشنل رسک اسسمنٹ کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ ڈی این ایف پی، سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز، پاکستان پوسٹ سے متعلق اہداف پر عملدرآمد کیا گیا ہے اور پابندیوں کے معاملات کے دائرے کو وسیع کیا گیا ہے۔ مشیر خزانہ کی یہ بریفنگ عالمی تناظر میں نہایت اہمیت کی حامل ہے خصوصاً گزشتہ دنوں جب ایف اے ٹی ایف کے ورچوئل اجلاس کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف اس کی غلط تشریح کرتے ہوئے گمراہ کن پروپیگنڈہ کرنے کی کوشش کی حالانکہ پاکستان متذکرہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہی نہیں تھا۔ بین الاقوامی برادری نے بھارت کے پاکستان سے متعلق ایف اے ٹی ایف فورم کے غلط استعمال کا نوٹس لیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان 22کروڑ محنت کشوں کی آبادی کا حامل وہ ملک ہے جو اپنے وسائل کی بدولت ہر شعبہ زندگی سے عملی وابستگی کی بنا پر سر اُٹھا کر قوموں کی برادری میں عزت کے ساتھ سر اُٹھا کر جینے پر یقین رکھتا اور ہمسایوں کا احترام کرتا ہے۔ دوسروں کی جنگ اپنے سر لیتے ہوئے 20سال دہشتگردی کا شکار رہا اور بے شمار جانی و مالی قربانیاں دیں۔ بھارت کو جان لینا چاہئے کہ وہ پاکستان کے خلاف اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہوگا۔

تازہ ترین