آپ آف لائن ہیں
پیر12؍ذی الحج 1441ھ 3 اگست 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے جے آئی ٹی کا شوشا چھوڑا گیا، مراد علی شاہ

کراچی( مانیٹر نگ سیل) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی نان ایشو ہے ، کورونا اور دیگر حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے جے آئی ٹی کا شوشا چھوڑا گیا۔کراچی میں پارلیمانی لیڈر پی پی پنجاب سیّد حسن مرتضیٰ نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، کورونا ، معیشت ، آٹے اور چینی کے بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیپلز پارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی شازیہ عابد بھی ملاقات میں شریک تھیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ملاقات میں کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی حیثیت ایک انویسٹی گیشن سے زیادہ نہیں ہے، جے آئی ٹی میں کسی کا تذکرہ آنے سے کوئی شخص مجرم نہیں بن جاتا جب تک عدالت اسے سزا نہ دے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے گندم کا بحران آنے کا خدشہ ہے، ذخیرہ اندوزوں کے بجائے سرکاری گوداموں سے گندم مارکیٹ میں لانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

سرکاری ذخائر ختم ہو گئے تو ذخیرہ اندوز آٹا بے تحاشا مہنگا کر کے منہ مانگے دام وصول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی حکومت ہے جس کے دور میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) وصولیاں گزشتہ سال سے کم ہوئیں ،اس بار تو انہوں نے سارا ملبہ کورونا پر ڈال دیا مگر گزشتہ برس کیوں ہدف پورا نہیں ہوا۔

سندھ کی بڑے ہسپتالوں میں پورے ملک کے لوگ علاج کروانے آتے ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سیّد حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تو حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے کورونا کے اعداد و شمار پر بھی لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے ،ٹیسٹ کم کر کے کہا جا رہا ہے کورونا کا پھیلائو کم ہو گیا ہے ۔

اہم خبریں سے مزید