ملتان ( سٹاف رپورٹر) تھانہ سیتل ماڑی کے علاقے پیرا غائب شاہ ٹاؤن میں زیر تعمیر تین منزلہ عمارت کی چھت گرنے سے 12سالہ بچی اور خاتون جاں بحق ہوگئے جبکہ 4افراد کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیرا غائب روڑ شاہ ٹاؤن گلی نمبر چھ میں زیر تعمیر تین منزلہ عمارت کی چھت گرگئی، جس کے ملبے تلے کم عمر بچوں سمیت پانچ افراد دب گئے۔ بچے لیڈی ٹیچر کے گھر ٹیوشن پڑھنے آئے ہوئے تھے، پولیس اور ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر ملبے تلے دبی ہوئی 30 سالہ ٹیچر حسن بانو زوجہ راحیل اختر اور 12 سالہ مہک ولد اشرف جو کہ ٹیوشن پڑھنے آئی تھی کو مردہ حالت میں نکال لیا جبکہ کام کرنے والے مزدور 26سالہ شہباز ، 23سالہ سجاد، ٹیوشن پڑھنے والی 12 سالہ بسمہ، 13سالہ علیشاہ کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گھر کی تیسری منزل پر کام جاری تھا، مزدوروں کی جانب سے سارا بلڈنگ مٹیریل ایک جگہ جمع کرنے پر چھت زمین بوس ہوگئی، مزید تفتیش جاری ہے، اصل حقائق منظر عام پر لاکر ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔