عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بالی ووڈ ورسٹائل اداکار امیتابھ بچن کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اُنہیں کورونا کی ہلکی علامات ظاہر ہوئی ہیں لیکن اُن کی طبیعت مستحکم ہے۔
گزشتہ روز کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بھارتی اداکار امیتابھ بچن اور اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کے بعد سے ممبئی کے ناناوتی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیرِ علاج ہیں، اِس ضمن میں اسپتال کے تشویشناک نگہداشت وارڈ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالصمد انصاری نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امیتابھ بچن کی طبیعت مستحکم ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر عبدالصمد انصاری نے کہا کہ اِس وقت ہمارے کندھوں پر ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور وہ ذمہ داری بھارتی فلم انڈسٹری کی اتنی بڑی شخصیت اور اُن کے بیٹے کا علاج کرنا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ امیتابھ بچن کو کورونا کی کچھ ہی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور اُن کی طبیعت بھی ٹھیک ہے۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ کورونا کے مریض کو 10سے 12دن میں علامات ظاہر ہوتی ہیں اور آج امیتابھ بچن کو 5 دن ہوجائیں گے لیکن زیادہ علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔
ڈاکٹر نے کہا کہ’ آگے کے 7 دن ہمارے لیے بہت اہم ہیں کیونکہ اِن دنوں میں امیتابھ بچن میں کورونا کی نئی علامات بھی ظاہر ہوسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے کورونا مثبت آنے سے متعلق آگاہ کیاتھا ، اُنہوں نے بتایا تھا کہ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور اُنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے متعلق حکام کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ابھیشیک بچن نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ اُن کا اور اُن کے والد امیتابھ بچن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
انہوں نے اپنے چاہنے والوں اور دیگر افراد سے درخواست کی کہ وہ تمام افراد جو گزشتہ 10 دن کے دوران ان کے قریب رہے، وہ تمام افراد بھی اپنے ٹیسٹ کرالیں۔