• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورنگی میں دہشتگرد حملے میں زخمی پولیس اہلکار علاج کے دوران چل بسا

کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں اسٹیڈیم کے قریب گزشتہ صبح موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا پولیس کانسٹیبل اصغر علی علاج کے دوران دم توڑ گیا۔ حملے کے بعد دہشت گرد زخمی اصغر علی کا پستول بھی چھین کر لے گئے تھے۔

پولیس ترجمان نے پولیس حکام کی جانب سے بیان جاری کیا ہے کہ فرض کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

ضلع کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں گذشتہ روز ڈیوٹی پر جاتے ہوئے امن دشمنوں کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل اصغر شدید زخمی ہوا تھا۔

زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں زخمی پولیس اہلکار کو بہترین طبی امداد دی گئی۔

پولیس ترجمان کے مطابق پولیس ہیڈ کانسٹیبل اصغر نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

شہید پولیس اہلکار تھانہ زمان ٹاؤن میں تعینات تھا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہید ہیڈ کانسٹیبل اصغر کو خراج عقیدت پیش کیا۔

شہر میں امن کے قیام کے لیے کراچی پولیس ہمیشہ صف آراء رہی ہے۔

جرائم کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کیلئے فورس کا ہر افسر اور سپاہی جاں ہتھیلی پر رکھے قانون کی عملداری اور فرض کی ادائیگی کیلئے ہر دم تیار ہے۔

تازہ ترین