• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جناح اسپتال میں بجلی کا تعطل،جنریٹر سے فراہمی جاری، سیمی جمالی

کراچی میں سربراہ جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا ہے کہ اسپتال میں گزشتہ روز سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے اور اسپتال میں جنریٹر کے ذریعے بجلی فراہم کی جا رہی ہے،جبکہ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق جناح اسپتال میں بجلی کی فراہمی معمول پر ہے۔

کراچی میں جناح اسپتال میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، سربراہ جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق اسپتال میں گزشتہ روز سے ڈیڑھ سے دو گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے،لوڈ شیڈنگ سے جناح اسپتال کی کالونی بھی متاثر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسپتال کے گائنی وارڈ سے متصل گریڈ اسٹیشن میں کوئی خرابی ہے جس کے بارے میں کے الیکٹرک کو شکایت درج کرادی گئی ہے، گزشتہ رات سے 6 سے زائد بار بجلی جاچکی ہے۔

سیمی جمالی نے بتایا کہ گزشتہ رات سے اسپتال میں جنریٹر کے ذریعے بجلی فراہم کررہے ہیں، کے الیکٹرک کی جانب سے گزشتہ رات سے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق جناح اسپتال میں بجلی کی فراہمی معمول پر ہے، جناح اسپتال میں آج آنے والے عارضی تعطل کو فوری بحال کیا گیا۔

ترجمان کے ای کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اسپتال میں اندرونی فالٹ کے باعث تعطل پیش آیا تھا، اندورنی فالٹ کا کے الیکٹرک سے تعلق نہیں ہے۔

تازہ ترین