• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چکنی جلد پر یہ5 چیزیں کبھی استعمال نہ کریں

خشک جلد کے مقابلے میں چکنی جلد کے مسائل زیادہ ہوتے ہیں، صاف شفاف جلد پانے کے لیے ان مسائل کو بہتر طریقے سے جان کر ان سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین جلدی امراض کے مطابق چکنی جلد پر دانے، ایکنی، کیل مہاسوں کا ہونا عام سی بات ہے اور ان کے سبب چہرے پر پڑنے والے داغ دھبے بے حد بدنما لگتے ہیں، ہر فرد ان کیل مہاسوں اور داغ دھبوں سے جان چھڑا کر صحت مند صاف جلد پانے کا خواہش مند نظر آتا ہے ۔

جلدی امراض سے سے دو چار افراد ان مسائل سے جان چھڑانے کے لیے ڈاکٹر کے پاس چکر کاٹتے نظر آتے ہیں اور کبھی گھر میں ہی ان کا حل تلاش کرتے ہیں ۔

ماہرین جلدی امراض کے مطابق اگر آپ اپنے چہرے سے ایکنی، کیل مہاسوں سے تنگ ہیں اور اس کا علاج گھر میں ہی چاہتے ہیں تو سب سے پہلے اپنی جلد کی قسم سے متعلق جانیں، چکنی جلد پر ہر چیز کا استعمال مفید ثابت نہیں ہوتا ہے، اس لیے گھر میں جلدی امراض کا علاج کرتے ہوئے چند باتیں اپنے ذہن میں ضرور رکھیں ۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جلدی مرض کے علاج کے دوران اپنی غذا پر بھی خاص نظر رکھیں، اگر آپ کی جلد چکنی ہے اور کیل مہاسوں کی بھی شکایت ہے تو مرغن، مسالے والی، تلی ہوئی، دودھ اور دودھ سے بنی ہوئی مصنوعات ، میٹھے مشروبات اور پروسیسڈ غذاؤں کا استعمال ترک کر دیں ، اس کے علاوہ آپ اپنے چہرے پر کس ماسک کا استعمال نہیں کر سکتے ہیں یہ بھی جان لیں ۔

کھوپرے کا تیل

تیل سے چہرے کی جلد کا مساج تجویز کیا جاتا ہے، چہرے پر تیل سے مساج کرنے کے بے حد فوائد ہیں، اگر آپ کی چکنی جلد ہے اور ایکنی کی شکایت بھی ہے تو چہرے پر تیل کا استعمال ترک کر دیں ، تیل سے مساج کے نتیجے میں مسام بند ہو سکتے ہیں اور ایکنی کی شکایت بھی بڑھ جائے گی ۔

ملائی کا استعمال

ملائی کے استعمال سے جلد چمکدار نرم ملائم ہو تی ہے ، مگر یہ آئلی اسکن والوں کے لیے مفید نہیں ہے ، دودھ اور اس سے بنی مصنوعات کا استعمال ترک کر دیں اور اسے چہرے پر بھی براہ راست لگانے سے گریز کریں ، دودھ اور اس کی بلائی میں چکناہٹ کے سبب چکنی جلد کے لیے یہ مزید مسائل پیدا کر دے گی ۔

بیسن کا استعمال

بیسن صاف شفاف جلد کے لیے تجویز کیا جاتا ہے اور اس کا استعمال تقریباً ہر ماسک میں ہوتا ہے مگر آئلی اسکن والے افراد بیسن کا استعمال نہ کریں تو بہتر ہے، بیسن  کسی بھی طرح استعمال کے نتیجے میں یہ آپ کی اسکن پر انفیکشن یا ر ی ایکشن کر سکتا ہے ۔

پیٹرولیم جیلی

موسم گرما اور ہو یا سرما، آئلی اسکن والے افراد پیٹرولیم جیلی کا استعمال کرنے سے پہلے کئی بار سوچ لیں کیوں کہ اس کے استعمال کے نتیجے میں بھی جلد پرایکنی بڑھ سکتی ہے ، پیٹرولیم جیلی کے استعمال سے مسام کے بند ہونے خدشہ بڑھ جاتا ہے جس کے نتیجے میں ایکنی چہرے پر مزید پھیل جائے گی ۔

بادام کا تیل

بادام کا تیل خشک اور چکنی جلد دونوں کے لیے بہترین موسچرائزر تصور کیا جاتا ہے ، مگر اس کے استعمال سے پہلے اس کا اپنی جلد پر ٹیسٹ لازمی کر لیں کہ آیا یہ آپ کی اسکن پر مفید ثابت ہوگا یا نہیں، اگر آپ کی اسکن آئلی ہے اور بادام کے تیل سے کوئی ری ایکشن نہیں ہو رہا تو اس کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین