پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے رہنے والوں کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے یوم شہدائے کشمیر پر شہدا جموں و کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے ڈوگرہ فوج کے خلاف سری نگر میں جام شہادت نوش کیا، کشمیریوں نے ثابت کیا کہ قرآن اور اسلام کی حرمت انہیں جان سے پیاری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بائیس مسلمانوں کا جان قربان کر کےاذان مکمل کرنا پیغام ہے کہ انہیں شکست نہیں دی جاسکتی، شہدائے کشمیرکی پکار بھارت سے تحریک آزادی کی صورت میں آج بھی گونج رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر مسلم اکثریت خطہ ہے اور انشااللہ ہمیشہ رہے گا۔ بھارت کے ظلم وجبرمیں5 اگست 2019 سے نئی شدت آئی جو انتہائی قابل مذمت ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ کشمیریوں کا عالمی برادری، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سےسوال ہے کہ ہمیں انصاف کب ملے گا؟ جموں و کشمیر کے رہنے والوں کو سلام جنہوں نے آزادی کے لیے ہرظلم، مصیبت کا عزم و ہمت سے مقابلہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔