• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز مشرف اور متحدہ کی وجہ سے کے الیکٹرک کی نجکاری ہوئی، پیپلز پارٹی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ اور نااہل حکومت کے ظلم و زیادتیوں سے عوام کی جان چھڑا کر دم لے گی۔ ان خیالات کا اظہار پی پی پی کراچی کے سینئر نائب صدر و ممبر صوبائی اسمبلی راجہ عبد الرزاق نے پی پی پی کراچی ڈویژن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اشتراک سے چلنے والے ادارے کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔ 2005ء مشرف کے دور میں جب شہر کے بجلی کے نظام کو نجکاری کے ذریعے کے الیکٹرک کے حوالے کیا جارہا تھا اس وقت محترمہ بے نظیر بھٹو نے اس نجکاری کی سخت مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ اس سے عوام اور مزدوروں کو بہت نقصان ہوگا مگر جنرل مشرف نے اپنے اتحادی ایم کیو ایم سے مل کر اس کی نجکاری کو ممکن بنایا جس کی سزا ہم کراچی کے عوام آج بھگت رہے ہیں شہر کے رہائشی، کاروباری، صنعتی اور شہر کراچی سے ملحقہ زرعی علاقوں میں دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اس وقت کراچی کی عوام کا سکون اور کاروبار دونوں تباہ ہوچکے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کراچی کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری نے کہا کہ نجکاری کے معاہدے کے تحت کے الیکٹرک کو جنریشن میں اضافہ کرنا تھا مگر آج 15 سال گزرنے کے بعد بھی جنریشن میں 1 یونٹ کا بھی اضافہ نہیں کیا۔

تازہ ترین