• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کے الزامات قابل مذمت، گری ہوئی زبان استعمال کی، شبلی فراز

بلاول کے الزامات قابل مذمت، گری ہوئی زبان استعمال کی، شبلی فراز


اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے الزامات قابل مذمت ہیں ، انہوں نے خاصی گری ہوئی زبان استعمال کی۔

 خاتون کے بارے میں اس قسم کی باتیں بہت نیچ حرکت ہے، خان صاحب کو کسی نے مسٹر10پرسنٹ کہا اور نہ ہی بہن سے متعلق کبھی کسی نے بات کی۔ 

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا کہ باپ پورا ملک کھا گیا بیٹا ٹی وی پر بیٹھ کر صداقت کا بھاشن دینے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نےکہا کہ بلاول زرداری واقعی ابھی بچے ہیں۔ 

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ بلاول جہاں چاہیں مباحثہ کرنا ہے کر لیں، بس نو دو گیارہ نہ ہوں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے پیر کو اپنے ویڈیو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی ہمشیرہ کے بارے میں باتیں ان کو زیب نہیں دیتیں کیونکہ وزیراعظم کی بہن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اس قسم کی باتیں نہ کریں، وہ سو کر اٹھے تھے یا پھر وہ زمینی حقائق سے لاعلم ہیں، بلاول بھٹو کے معاونین نے بھی انہیں نہیں سمجھایا، ایسی باتیں کرکے بلاول بھٹو نے اپنا مذاق بنا لیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بڑی پارٹی کو لاڑکانہ تک محدود کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ بلاول بھٹو سیاسی طور پر مایوسی کا شکار ہیں، بلاول بھٹو کے پاس سیاسی طور پر کوئی ایجنڈا نہیں اسی لئے وہ ایسی باتیں کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر کرپشن کا الزام لگانے سے پہلے بلاول بھٹو زرداری کو 10 بار سوچنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول اوٹ پٹانگ باتوں کی بجائے اپنے اور خاندان پر اٹھائے گئے سوالوں کا جواب دیں۔

تازہ ترین