پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان عوام سے مخلص ہیں تو بجلی کی قیمتیں آدھی کرائیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کے الیکٹرک اور واپڈا کی ہٹ دھرمی پر ردعمل کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کے سامنے بے بس اور مجبور نظر آرہی ہے۔
وقار مہدی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج ٹوپی ڈرامہ ہے، مشرف کے دور میں ایم کیو ایم کے الیکٹرک کی نجکاری میں برابر شریک تھی۔
جنرل سیکریٹری پی پی نے کہا کہ کے الیکٹرک اور عمران خان کا گٹھ جوڑ ہے اس میں کوئی نئی بات نہیںجبکہ وزیراعظم کا کے الیکٹرک کو عشائیہ پر بلانا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
رہنما پی پی وقار مہدی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک مالکان نے پی ٹی آئی پر انتخابات میں خرچہ کیا،کے الیکٹرک پی ٹی آئی پر کیا گیا خرچہ کیا عوام سے وصول کرنا چاہتی ہے؟
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اور واپڈا کا سندھ میں بجلی لوڈ شیڈنگ کرنے کا مقابلہ چل رہا ہے، سندھ کے بیشتر شہروں میں بجلی نایاب ہوچکی ہے، پورا سندھ 18، 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے گزر رہا ہے۔
وقار مہدی نے کہا کہ عمران خان سندھ کی عوام سے کس بات کا بدلہ لے رہے ہیں، وفاقی وزراء کے دعوے کے برعکس کراچی میں غیر اعلانی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔