• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جانسن برنارڈ کے تقرر پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے جیمز شیرا کا اظہارتشکر

لندن ( پ ر) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جانسن برنارڈ کو ایڈیشنل رجسٹرار ،ڈائریکٹر اوورسیز پاکستانیز سیل کے عہدے پر تقرر پر رگبی کے سابق میئر کونسلر ڈاکٹر جیمز شیرا نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے نام اپنے تشکر کا اظہار کیا ،اپنے خط میں انھوں نے لکھاہے کہ ڈائریکٹر اوورسیز پاکستانیز سیل کے عہدے پر انسن برنارڈ کاتقرر عدلیہ کی جانب سے اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے عدلیہ کے عزم اورچیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی مہارت کی تابندہ مثال ہے۔انھوں نے کہاہے کہ اس عہدے پر برنارڈ کا تقرر مذہبی اقلیت سے تعلق رکھنے والی کسی شخصیت کی اس اعلیٰ ترین عہدے پر ترقی ایک سنگ میل کی حیثیت سے یاد رکھی جائے گی ،ڈاکٹرشیرا نے عدلیہ میں مذہبی اقلیتوں کیلئے5 فیصد ملازمتیں مخصوص کرنے پر بھی عدلیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اقلیتی نسلی پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی بابائے قوم محمد علی جناح ویژن کی صحیح روح کے مطابق متنوع کلچر میں شمولیت کا احساس پیداہوگا۔ڈاکٹر شیرانے اس عہدے پر تقرری پر برنارڈ اوران کی فیملی کو مبارکباد دی ہے اور کہاہے کہ اس سے ظاہر ہوتاہے کہ تنوع ہی ہماری سب سے بڑی قوت ہے جس سے معاشرے کے ہر فرد کو ایک ملٹی کلچر فیبرک میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کاموقع ملتاہے،انھوں نے کہا کہ برنارڈ نے جس سخت محنت سے یہ مقام حاصل کیاہے وہ بہت سے مسیحی گھرانون کیلئے مشعل راہ ہے اور جس سے ظاہرہوتاہے کہ پاکستان میں مسیحی برادری کے ارکان پاکستان کی ترقی کیلئے کلیدی کردار ادا کررہے ہیں،ڈاکٹر پیٹر جانسن ڈیوڈ،ڈاکٹرنوشابہ خلجی،کونسلر مورس جانز، ایڈووکیٹ قمر شمس، جان بوسکو،قمر رفیق، بشپ یوسف ندیم اور مائیکل میسے نے بھی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر برنارڈ کو مبارکباد دی ہے اور انھیں اس عہدے پر ترقی دینے پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کاشکریہ ادا کیاہے۔

تازہ ترین