ملتان (نمائندگان جنگ) سرگودھا سے 3 دہشتگرد خواتین کو گرفتار کرلیا گیا،خانیوا ل ،بھکر اور پشاور سے سیکڑوں مشتبہ افراد کو گرفتارکر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں سی ٹی ڈی نےگزشتہ صبح خوشاب بائی پاس کے قریبی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 3دہشتگرد خواتین کو گرفتار کیا جبکہ ان کے 2 مرد ساتھی فرار ہوگئے۔ ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کاشف مسعود نے بتایا کہ گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور ان کے قبضے سے2 خود کش جیکٹس اور 3ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔مبینہ دہشت گردوں کے نام عاصمہ جبین، خولہ مختار اور عبیرہ مختار بتائے گئے ہیں۔کارروائی کے دوران دو مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جوابی کارروائیمیں ملزمان فرار ہو گئے۔ تفتیش کے دوران خواتین دہشت گردوں نے فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کی مختار احمد اور عمر مختار کے نام سے شناخت کی۔خانیوا ل اور گردونواح میں پو لیس ، سی ٹی ڈی ، ایلیٹ فورس اورحسا س ادارو ں نے مشترکہ آپریشن کیا اور ایک درجن سے زائد افراد کو گرفتار کر کے اُنکے قبضے سے نا جائز اسلحہ بر آمد کر لیا ۔ بھکر میں پولیس اور حساس اداروں نے کوٹلہ جام اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 26مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ،ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ۔پشاور پولیس نے حیات آباد ، یکہ توت اور سٹی سرکلر روڈ پر سرچ آپریشن کے دوران 300کے قریب مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔ حراست میں لئے گئے افراد میں غیر قانونی طور پر مقیم 127افغان باشندے بھی شامل ہیں ۔