• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ننھی مداح کا ’سوشانت بھیا‘ کیلئے پیغام

بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت سے بے خبر اُن کی ننھی مداح نے سوشل میڈیا پر سوشانت بھیا کے لیے ایک خوبصورت پیغام جاری کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشانت سنگھ کے لاکھوں مداح اُن کی موت کو اب تک قبول نہیں کر پائے ہیں، سوشانت کی موت کو ایک ماہ مکمل ہوگیا ہے لیکن اب بھی اُن کے حوالے سے کوئی نہ کوئی خبر مسلسل آرہی ہے، ایسے میں سوشانت کی ایک ننھی مداح نے اُن کے لیے ایک پیغام جاری کیا ہے جو نہیں جانتی کہ وہ اب اس دنیا میں نہیں رہے۔

یہ بھی پڑھیے: سوشانت ڈپریشن کی دو خطرناک بیماریوں میں مبتلا تھے

سوشانت کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ کا ٹریلر دیکھنے کے بعد اُن کی ننھی مداح نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے جس میں وہ سوشانت کے حوالے سے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔

ٹوئٹر پر شیئر کردہ ویڈیو میں ننھی بچی کہہ رہی ہے کہ ’سوشانت بھیا میرے فیورٹ ہیں، ایک دن اُن کی مووی ہمارے گھر آئی تھی ’’دھونی‘‘ اور مجھے فرق ہی نہیں پتا چلا کہ وہ دھونی ہیں یا سوشانت بھیا ہیں۔ ‘

ننھی بچی نے مزید کہا کہ سوشانت کی ایک فلم کا گانا ’خیریت‘ میرا فیورٹ ہے، بچی نے وہ گانا ویڈیو میں گا کر بھی سنایا۔

واضح رہے کہ سوشانت سنگھ کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ کا ٹریلر کچھ روز قبل جاری کیا گیا تھا، اس فلم میں اُن کے ساتھ اداکارہ سنجنا سانگھی بھی دکھائی دیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’دل بیچارہ‘ مئی میں ریلیز ہونا تھی لیکن کورونا وائرس کے سبب جاری لاک ڈاؤن کے باعث ایسا نہیں ہوسکا۔

سوشانت سنگھ کے مداح ان کی آخری فلم کے بارے میں بہت پرجوش ہیں لیکن ساتھ ہی وہ اس فلم کو بڑے پردے پر دیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کر رہے ہیں جبکہ سننے میں آیا ہے کہ فلم 24 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔

تازہ ترین