کوئٹہ(پ ر)مسلم لیگ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عبدالشکور مری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ محکمہ صحت کے بعض اہلکاروں کی جانب سے جعلی ادویات کے خلاف کارروائیوں کو سوشل میڈیا پر بڑھا چڑھاکر بیان کیا جارہا ہے۔ دراصل یہ نام نہاد کارروائی ان اہلکاروں کی ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔یہ ادویات یٹ روڈ کے فلیٹ سے برآمد کی گئیں اور یہ جعلی نہیں تھیں بلکہ سرکاری سٹیمپ شدہ ادویات ایم ایس ڈی سے نکالنے کے بعد یہاں رکھ کر مارکیٹ میں فروخت کی جا رہی تھیں، یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جس ٹیم نے چھاپہ مارا اس نے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر کیوں درج نہیں کرائی۔اس سے یہ بات صاف عیاں ہے کہ محض زبانی جمع خرچ کرکے اپنے نااہلی کو چھپانے اور اپنی کارکردگی دکھانے کی خاطر نہ صرف عوام اور محکمہ صحت کو دھوکا دیا جا رہا ہے بلکہ ان کا یہ عمل پورے محکمہ صحت کے لئے جگ ہنسائی کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی فوری تحقیقات کرائی جائے۔