شوبز انڈسٹری کے نئے اُبھرتے ہوئے اداکار عثمان مختار کو اداکارہ سارہ خان اور نیمل خاور کی شادی کی وجہ قرار دیا جارہا ہے، سوشل میڈیا پر اس حوالے سے کافی مذاحیہ باتیں جاری ہیں۔ عثمان مختار نے اپنے اُوپر بننے والی میمز سے تنگ آکر مداحوں کے لیے خط لکھ دیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اداکار عثمان مختار پہلے نیمل خاور کے ساتھ ایک ڈرامے میں جلوہ گر ہوئے تھے اُسی دوران اُن کی شادی معروف اداکار و میزبان حمزہ علی عباسی سے ہوگئی، اور اب آج کل عثمان مختار اور سارہ خان ایک ساتھ ایک ڈرامے میں دکھائی دے رہے ہیں۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ ابھی ڈرامہ ختم بھی نہیں ہوا ہے کہ اداکارہ سارہ خان اور نامور گلوکار فلک شبیر بھی رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے اداکار عثمان مختار پر مزاحیہ تصاویر، میمز اور تبصرے شیئر کیے جارہے ہیں۔ کوئی انہیں رشتے کرانے والی خالہ کہہ رہا ہے تو کوئی انہیں تیز ترین میرج بیورو جیسے القابات سے نواز رہا ہے۔ ایسے میں عثمان مختار نے بھی گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک مزاحیہ پیغام شیئر کر کے اُن تمام میمز کا جواب دیا تھا۔
عثمان مختار نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ ’اگلے ڈرامے میں سولو آؤں گا تاکہ میرے بھی ہاتھ رنگے جائیں۔‘
اداکار کی جانب سے گزشتہ روز کیے جانے والے ٹوئٹ کے بعد بھی اُن پر مذاحیہ تبصروں کا سلسلہ نہیں رُک سکا، جس کے بعد انہوں نے انسٹاگرام پر ایک اور پوسٹ جاری کی ہے۔
انسٹاگرام پر جاری کردہ پوسٹ میں اداکار نے اپنی ایک تصویر شیئر کی ہےجو کہ لندن کی ہے اور ساتھ ہی کیپشن میں لکھا ہے کہ ’میرے پیچھے جو لیٹر باکس موجود ہے اُس میں اپنے مداحوں کے لیے میں نے خط ڈالا ہے، جس میں لکھا ہے کہ میرے پیارے مداح مجھے اُمید ہے کہ آپ لوگوں کو یہ بات سمجھ آگئی ہوگی کہ یہ محض ایک اتفاق ہے، میں وعدہ کررہا ہوں۔ ‘
اس کے علاوہ ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے اداکار نے مزید لکھا کہ ’معاف کردو بھائی۔‘