• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے نام سے اعلیٰ حکام کو جعلی فون کیے جا رہے ہیں: رضا ربانی

سابق چیئرمین سینیٹ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر میاں رضا ربانی کا کہنا ہے کہ کچھ عرصے سے میرے نام سے مسلسل اعلیٰ حکام کو جعلی فون کیے جا رہے ہیں۔

سینیٹ اجلاس میں سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے بتایا کہ 11 جولائی کو ایک گروہ نے ڈی سی سکھر کو فون کر کے کہا کہ ہم رضا ربانی کے اسٹاف ممبر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان لوگوں کی جانب سے کہا گیا کہ مختیارخان روڑھی کو کراچی بھیجیں، وہاں زمین کا مسئلہ ہے، ڈی سی سکھر نے مجھے فون کیا تو میں نے اس کی تردید کی۔

رضا ربانی نے بتایا کہ کمشنر میر پور خاص نے فون کر کے بھی ایسی ہی بات کی، پھر ڈی سی میر پور خاص کا فون آیا اور انہوں نے بھی یہ بات کی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ڈی جی ایف آئی اے کو خط لکھ کر اس حوالے سے کاروائی کرنے کے لیے کہا، تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی ایکشن نہیں ہوا ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 13جولائی کو ڈی سی لاڑکانہ نے فون کر کے یہی بات بتائی، جبکہ 14 جولائی کو ڈی سی دادو کو بھی یہی فون گیا۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

کچھ لوگ اپنے ذاتی کاموں کیلئے میرا نام استعمال کرتے ہیں: رضا ربانی

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی سی ویسٹ کراچی اور اے سی کراچی صدر کو اسی نمبر سے فون کیا گیا، جبکہ 16 جولائی کو بھی ڈی سی نواب شاہ کا فون آیا کہ آپ نے فون کیا تھا۔

میاں رضا ربانی کا یہ بھی کہناہے کہ یہ اطلاعات ڈی جی ایف آئی اے کو دی ہیں، روزانہ آفیشل کو فون کیے جا رہے ہیں لیکن ٹریس نہیں ہو رہا، حکومت نے ایکشن نہیں لینا تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں۔

تازہ ترین