سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے وفاقی حکومت کو کورونا ٹائیگر فورس بنانے سے گریز کا مشورہ دے دیا۔
ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ کورونا ٹائیگر فورس کورونا کے خلاف قومی کوششوں کو سیاسی بنا دے گی، اس وقت کوئی قومی تعاون پالیسی موجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت سندھ حکومت سے رہنمائی لیتے ہوئے محلہ کمیٹیاں قائم کرے، جس میں تمام سیاسی جماعتوں اور این جی اوز کے نمائندے شامل ہوں۔
رضا ربانی نے کہا کہ وزیراعظم کے ریلیف پیکیج کے اعلان کے ایک ہفتے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہونا تشویشناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے پیدا صورتحال میں ایک دن کی تاخیر بھی ورکرز کےلیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔