• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید پر پشاور میں صفائی و نکاسی صورتحال خودمانیٹر کروںگا، کامران بنگش

پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے کہا ہے کہ عید کے تینوں دن صوبائی دارالحکومت پشاور میں صفائی و نکاسی آب کی صورتحال کو خود مانیٹر کروں گا۔ عوام شہر کو صاف و ستھرا رکھنے کے میں متعلقہ اداروں کیساتھ تعاون کریں۔ صفائی سے متعلق کام کرنیوالے اداروںپر واضح کر دیا ہے کہ عوام کو صفائی اور نکاسی آب کی بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی پشاور کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ڈبلیو ایس ایس پی کے چیف ایگزیکٹیو ظفر علی شاہ کی جانب سے معاون خصوصی کو ڈبلیو ایس ایس پی کی مجموعی صورتحال اور رواں سال کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے متعلقہ کمپنی کے حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر 34نئی یونین کونسلز کو ڈبلیو ایس ایس پی کی حدود میں شامل کرنا ہے لیکن پہلی فرصت میں جن دس یونین کونسل کو شامل کیا جا رہا ہے اس پر کام مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر دس یونین کونسلز کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا جائے کہ جہاں کہیں قانونی سقم ہو تو وہ دور کیا جاسکے۔معاون خصوصی نے عیدالاضحیٰ کے حوالے سے ڈبلیو ایس ایس پی کی صفائی سے متعلق منصوبہ بندی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو صفائی اور صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کے لئے ڈبلیو ایس ایس پی کی ٹیمیں بہترین کام کرر ہی ہیں لیکن ان میں اب بھی بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ عوام کوبھی متعلقہ صفائی کرنے والے ملازمین کے ساتھ تعاون کرنا چاہئیے تاکہ اسی طرح صحت و صفائی کے چیلجز پر قابو پایا جا سکے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے ڈبلیو ایس ایس پی حکام کومزید ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لئے سوشل میڈیا، ٹیلیفون، ایپ سمیت تمام ذرائع استعمال کئے جائیں تاکہ عوام کو صحت و صفائی کے متعلق کوئی بھی تکلیف و شکایت نہ ہو۔
تازہ ترین