• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، بارش کے بعد سے متعدد علاقے تاحال بجلی سے محروم


کراچی میں بارش کے بعد شہر کے بڑے حصے کو بجلی کی فراہمی معطل ہوئی اور بعض علاقوں میں اب تک بجلی بحال نہیں ہوسکی ہے جس کے سبب شہریوں نے رات پریشانی کی حالت میں گزاری ہے۔

شاہ فیصل ٹاؤن میں گزشتہ شام 4 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، ماڈل کالونی، معین آباد،شاہ فیصل کالونی میں بھی 12 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

اسی طرح محمود آباد، ڈیفنس ویو،اعظم بستی،قیوم آباد میں بھی 12 سے 15 گھنٹے سے بجلی کی بندش سے مشکلات کا سامنا ہے۔

کورنگی،ناصر جمپ،بھٹائی کالونی میں بھی 12 گھنٹوں بجلی معطل ہے۔

شہر قائد میں گلشن اقبال بلاک 15، 16 اور 17 میں رات 10بجے سے بجلی معطل ہے ، جبکہ ملیر طارق بن زیاد سوسائٹی میں صبح 7 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

کلفٹن بلاک 5 میں گزشتہ روز سہہ پہر سے بجلی غائب ہے اور علاقہ مکین اس غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے بے زار آگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بارش سے کے الیکٹرک کے 500 فیڈر متاثر ہوئے تھے، متاثر ہونے والے فیڈرز پر ابھی تک بحالی کا کام مکمل نہ ہوسکا۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا کام جاری ہے، متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کے کام میں دشواری کا سامنا ہے۔

ترجمان کے ای کے مطابق گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، سرجانی، ڈیفنس، گلستان جوہر، اورنگی کے کئی علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے پر حفاظتی طور پر بجلی عارضی طورپربند کی گئی ہے۔

تازہ ترین