وفاقی وزیر اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے چیئر مین اسد عمر کہتے ہیں کہ این سی او سی کو صوبوں میں لانے کا مقصد کام مزید بہتر کرنا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہوا۔
اجلاس میں این سی او سی کے چیئر مین اسد عمر، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی، صوبائی وزیرِ صحت عذرا پیچوہو کے علاوہ دیگر افراد شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کورونا پر کنٹرول تمام صوبوں کی مشترکہ کاوشوں سے ہوگا، صوبائی حکومتوں نے بھی کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے میں اہم کام کیا ہے۔
وفاقی وزیر اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے چیئر مین نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت سے کام کر رہی ہے۔
شرکائے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا وائرس کی صورت حال سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں عیدالاضحیٰ اور مویشی منڈی کی ایس او پیز پر بریفنگ دی گئی، ڈاکٹر فیصل سلطان نے ای پی آئی پر اجلاس کو بریف کیا۔
سندھ میں کوروناکے ہاٹ اسپاٹ اور وائرس کی صورتِ حال پر وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بریف کیا۔
واضح رہے کہ یہ سندھ میں این سی اوسی کا پہلا اجلاس ہے، اس سے پہلے اجلاس پنجاب میں ہو چکے ہیں ، اس کے بعد این سی او سی کے دیگر اجلاس باقی صوبوں میں ہوں گے۔