• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کے مشیروں اور معاونین خصوصی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

وزیراعظم کے معاونین خصوصی اور مشیران کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر کے اثاثوں کی مالیت 2 ارب 75 کروڑ 28 لاکھ ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کے اثاثوں کی مالیت 16 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے اثاثوں کی مالیت 7 کروڑ 23 لاکھ سے زائد ہے۔

معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری کی پاکستان میں 1300 کنال سے زائد اراضی ہے اور اسلام آباد میں زلفی بخاری کے 34 کنال اراضی پر مشتمل پلاٹس ہیں۔

دستاویز کے مطابق ذلفی بخاری لندن میں 48 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈز کی جائیداد کے بھی مالک ہیں جبکہ ان کے پاس بیرون ملک 5 کمپنیوں کے شیئرز بھی ہیں۔

ذلفی بخاری کی اہلیہ کے پاس 5 لاکھ پاؤنڈ مالیت کا سونا ہے، جبکہ ان کے اور ان کی اہلیہ کے پاکستان میں 24 لاکھ روپے بینکوں میں موجود ہیں۔

دستاویز کے مطابق ذلفی بخاری کی بیرونِ ملک بینکوں میں 17 لاکھ پاؤنڈز رقم بھی موجود ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل کے ذمے 2 کروڑ 42 لاکھ کے واجبات ہیں۔

دستاویز کے مطابق شہباز گل کے موجودہ اثاثوں کی مالیت 9 کروڑ 44 لاکھ روپے ہے، ان کا پاکستان میں ایک پلاٹ، فارم ہاؤس اور بیرون ملک ایک گھر ہے۔

معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے اثاثوں کی مالیت 6 کروڑ روپے ظاہر کی ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری دستاویز میں بتایا گیا کہ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا 5 کروڑ 70 لاکھ روپے اثاثوں کے مالک ہیں۔

ان کے پاس 2 کروڑ روپے مالیت کا گھر اور 3 کروڑ روپے مالیت کے پلاٹس ہیں جبکہ ان کی اہلیہ کے پاس 20 لاکھ روپے مالیت کے زیورات بھی موجود ہیں۔

معاونِ خصوصی ڈیجیٹل پاکستان ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے اکاؤنٹس میں ایک کروڑ 48 لاکھ روپے موجود ہیں۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے پاس پانچ لاکھ روپے مالیت کی جیولری ہے، جبکہ ان کے پاس ایک گاڑی ہے جو ان کے شوہر کے نام ہے۔

دستاویز کے مطابق وزیراعظم کے مشیران میں سے کسی کے پاس دہری شہریت نہیں ہے۔

مشیر موسمیاتی تبدیلی امین اسلم نے اہلیہ کے نام پر 50 لاکھ کی سرمایہ کاری شئیرز کی مد میں کر رکھی ہے۔

ملک امین اسلم کی اہلیہ کے نام پر 92 لاکھ روپے کی تین گاڑیاں ہیں، جبکہ ایک لاکھ کے زرعی آلات، ڈیڑھ لاکھ روپے کے فرنیچر بھی ان کی ملکیت میں ہیں۔

دستاویز کے مطابق ملک امین اسلم نے ایک کروڑ 47 لاکھ روپے کا بینک بیلنس بھی اثاثہ جات میں ظاہر کیا ہے۔

ملک امین اسلم نے اہلیہ کے نام پر 10 لاکھ 75 ہزار روپے کی جائیداد بھی ظاہر کی ہے، جبکہ وہ وراثتی طور پر حاصل کی گئی 15 جائیدادوں کے بھی مالک ہیں۔

دستاویز کے مطابق معاون خصوصی ندیم افضل چن کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 80 سے زائد ہے۔

وزراعظم کے معاون خصوصی بابر اعوان وراثتی طور پر حاصل کی گئی ساڑھے 16 کروڑ روپے کی جائیداد کے مالک ہیں جبکہ انھوں نے اسپین میں ایک کروڑ روپے کی جائیداد بھی ظاہر کی ہے۔

دستاویز کے مطابق مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے اپنے کاروبار میں 47 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، ان کے پاس ایک کروڑ 68 لاکھ روپے مالیت کی 6 گاڑیاں ہیں۔

دستاویز مطابق مشیر پارلیمانی امور 20 لاکھ روپے کے زیورات اور لاکھ روپے کے فرنیچر کے بھی مالک ہیں۔

دستاویز کے مطابق بابر اعوان کے پاس 18 لاکھ کے زرعی آلات، تین لاکھ روپے کی کلب ممبر شپ بھی حاصل کر رکھی ہے۔

دستاویز کے مطابق معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نوازا عوان 4 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

دستاویز کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر عشرت حسین مجموعی طور پر 29 کروڑ 42 لاکھ 22ہزار کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ وہ امریکا میں تین جائیدادوں کے مالک ہیں۔

دستاویز کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے پاس 2 کروڑ کی زرعی اراضی ہے، عبدالحفیظ شیخ نے دبئی میں اہلیہ کے نام پر 13 کروڑ کا گھر ظاہر کیا ہے، اُن کے پاس 50 لاکھ مالیت کی گاڑی اور 20 لاکھ کے زیورات ہیں، جبکہ مشیر خزانہ نے 13 کروڑ 50 لاکھ کا بینک بیلنس ظاہر کیا ہے۔

دستاویز کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد ایک ارب 35 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، عبدالرزاق داؤد کی اہلیہ 40 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کی مالک ہیں، مشیر تجارت کی ساڑھے 3 کروڑ کی زرعی اراضی ہے، انہوں نے 4 کروڑ 15 لاکھ، اہلیہ کے نام پر ساڑھے 7 کروڑ روپے کی جائیداد ظاہر کی۔

دستاویز کے مطابق عبدالرزاق داؤد نے شئیرز کی مد میں 52 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کررکھی ہے، انہوں نے اہلیہ کے شئیرز کی مد میں 5 کروڑ کی سرمایہ کاری بھی ظاہر کی ہے۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے 2 کروڑ 93 لاکھ کے سیونگ سرٹیفکیٹ خرید رکھے ہیں، انہوں نے 27 کروڑ جبکہ ان کی اہلیہ نے 13 کروڑ کی سرمایہ کاری بھی کررکھی ہے، عبدالرزاق داؤد کی اہلیہ کے پاس 100 تولے سونا بھی ہے۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق معاون خصوصی شہزاد سید قاسم کے دبئی میں تین گھروں کی مالیت دو کروڑ درہم سے زائد ہے، امریکا میں پراپرٹی کی قیمت 8 لاکھ 65 ہزار ڈالر ہے،

شہزاد سید قاسم کے امریکامیں بینک اکاونٹس میں 21 لاکھ ڈالر کی رقم موجود ہے، جبکہ دبئی میں بینک اکاؤنٹس میں 18 لاکھ درہم موجود ہیں۔

کابینہ ڈویژن کے مطابق شہزاد سید قاسم کے پاس 97 لاکھ روپے مالیت کے چار پلاٹ ہیں، انہوں نے پاکستان میں 12 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

دوہری شہریت کے حامل معاونین خصوصی

وزیر اعظم کے 15 معاونین خصوصی میں سے معاون خصوصی سیاسی روابط شہباز گل امریکی گرین کارڈ ہولڈر ہیں، معاون خصوصی نیشنل سیکیورٹی ڈویژن معید یوسف کی امریکا کی رہائش ہے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر امریکی شہریت کے حامل ہیں، معاون خصوصی اوورسیز ذلفی بخاری مستقل برطانوی شہریت رکھتے ہیں، معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ آئدروس کے پاس کینیڈا اور سنگاپور کی شہریت ہے، وزیر اعظم کے 5 مشیروں میں سے کسی کے پاس دہری شہریت نہیں۔

تازہ ترین