وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ کشمیر کی عوام کا پاکستان کے ساتھ مذہبی اور ثقافتی الحاق ہے اس لیے کشمیری ریاست کا پاکستان سے الحاق ضروری ہے۔
راجا فاروق حیدر نے کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پالیسی میں آپ 700 سال بھی لگے رہیں تو مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوسکتا، ہمیں دنیا میں انصاف کے اداروں کے پاس جانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ جغرافیائی لسانی اور مذہبی اعتبار سے ریاست جموں وکشمیر پاکستان کا جزو ہے، 19جولائی کی قرارداد کو ریاست بھر کے عوام کی تائید حاصل تھی، قرارداد میں لکھا ہے کہ کشمیریوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق ہونا چاہیے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنا فرض ادا کردیا، اب پاکستان کی ذمہ داری ہے، آزادکشمیر حکومت اور حریت کانفرنس کو اپنا مقدمہ پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔
راجا فاروق حیدر نے بتایا کہ حکومت پاکستان کو تجاویز ارسال کردی ہیں کہ کس طرح آگے بڑھا جاسکتا ہے، پاکستان کے عوام اور سیاسی قیادت کو آپس میں مل کر کشمیر پرکام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کے انسانیت کے خلاف جرائم پر دنیا بھر کے ممالک میں کیس کریں گے، کشمیریوں کو بھارتی جیلوں میں نہیں رکھا جاسکتا، قید اور نظربند حریت رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔