• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یومِ الحاقِ پاکستان جموں و کشمیر کی تاریخ کا اہم دن ہے، علی رضا سید

چیئرمین کشمیر کونسل یورپین یونین (ای یو) علی رضا سید نے کہا ہے کہ 19جولائی یومِ الحاقِ پاکستان جموں و کشمیر کی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہے۔

انہوں نے’یوم الحاق پاکستان‘ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں نے ایک قرارداد کے ذریعے یومِ آزادی پاکستان سے تقریباً ایک ماہ قبل ہی پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کردیا تھا۔

علی رضا سید نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ساتھ پاکستان کے گہرے تاریخی، جغرافیائی، تمدنی، تجارتی اور دینی رشتے ہیں اور مہاراجا کشمیر نے اس کے برعکس بھارت سے  الحاق کیا حالانکہ کشمیری ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے پہلے ہی پاکستان سے الحاق کر چکے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اکتوبر1947ء میں جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا، جس کے خلاف کشمیریوں نے جدوجہد شروع کی جو اب بھی جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کے عوام کی خواہشات کے برعکس کشمیر پر قبضہ کرلیا اور اس وقت سے ابتک وہ کشمیریوں پر ظلم و ستم کررہاہے۔

یاد رہے کہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری ہر سال 19جولائی کو ’یومِ الحاقِ پاکستان‘ مناتے ہیں۔ 19 جولائی1947 ء کو سری نگر میں کشمیریوں کی نمائندہ تنظیم مسلم کانفرنس کے تاریخی اجلاس میں پاکستان سے الحاق کی قرارداد پیش کی گئی، جسے اجلاس کے تمام شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔

کشمیریوں نے اپنی مدد آپ  کے تحت کشمیر کا کچھ حصہ آزاد کروالیا تھا جسے آزاد کشمیر کہتے ہیں۔

بھارت مسئلہ کو خود اقوام متحدہ لے گیا اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کا ان سے وعدہ کیا لیکن اس پر اب تک عمل نہیں کیا۔

علی رضا سید نے کہا کہ اکتوبر 1947 ء میں بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیا تھا اور وہ اس وقت سے کشمیر میں مظالم ڈھارہا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اب تو اس نے گزشتہ سال پانچ اگست کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی ختم کردی ہے اور اس وقت سے ابتک وہاں لاک ڈاؤن ہے، لوگ بنیادی سہولتوں اور شہری حقوق سے محروم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب کورونا وائرس کی آڑ میں لوگوں کو دبایا جارہاہے، جبکہ دوسری طرف ان بھیانک مظالم کے باوجود کشمیری آج بھی اپنے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہوئے اور پاکستان سے اپنی محبت اور گہرے رشتے کا اظہار کرتے ہوئے 19 جولائی کو یومِ الحاقِ پاکستان مناتے ہیں۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ آج کشمیری عوام بھارتی ناجائز تسلط کے خلاف اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، بھارت ان پر سنگین مظالم ڈھا رہا ہے، مرد و خواتین اور بچے بھارتی مظالم کے شکار ہیں۔ لوگ ماورائے عدالت بھارتی فورسز کے ہاتھوں قتل ہو رہے ہیں اور بے شمار لوگ کسی جرم و خطا کے بغیر  بھارتی جیلوں میں پابند سلاسل ہیں۔

علی رضا سید نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے، خاص طور پر عالمی برادری کشمیریوں پر مظالم بند کروائے اور ان کا حقِ خود ارادیت دلوانے میں ان کی مدد کرے۔

تازہ ترین