• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف کی سیاست جنرل جیلانی اور جنرل ضیا سے شروع ہوئی، مراد سعید


وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ نوازشریف کی سیاست جنرل جیلانی اور جنرل ضیاء سے شروع ہوئی، یہ شارٹ کٹ سے سیاست شروع کرنے والے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ ان کے دور میں چینی 140روپے کلو تک پہنچ گئی تھی، اس وقت تو 85 روپے کلو ہے۔ انہوں نے چینی مہنگی ہونے پر کون سی انکوائری کرائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مشیروں اور معاونین خصوصی قانونی طور پر اثاثے ظاہر کرنے کے پابند نہیں تھے، جبکہ خواجہ آصف وزیر خارجہ ہوتے ہوئے 5 دن کسی اور ملک کی نوکری کرتے تھے۔

مراد  سعید نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیانات کو پاکستان کیخلاف استعمال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کا مشیر خزانہ معیشت کو انتا مضبوط کر گیا کہ اسے خود ملک سے بھاگنا پڑا۔

مراد سعید نے کہا کہ آپ کو کلبھوشن کا نام لیتے ہوئے اتنی شرم کیوں آتی تھی؟ مودی کو شادی پر بلایا، ایک بھارتی سے مری میں مل لیے اور کہتے تھے کہ ذاتی تعلقات ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نجکاری پر بحث کا آغاز ہوا ہے، بات حکومت کی پالیسی پر ہونی چاہیے تھی مگر کسی اور طرف لےکر جارہے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ اداروں کو بیچنے کی بات نہیں ہو رہی، یہ لوگ کسی کی انگلی پکڑ کر سیاست میں آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ججوں کو فون کر کے مرضی کے فیصلے لینے والے جمہوریت کا درس دے رہے ہیں۔

تازہ ترین