• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارہ ایشل فیاض کی مقبولیت میں اضافہ، ایک اور فلم سائن کرلی

فلم ’’کاف کنگنا‘‘ میں عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کرتے والی خُوب صورت اداکارہ ایشل فیاض نے ایک اور فلم سائن کرلی۔ معروف ہدایت کار فاروق مینگل نے انہیں اپنی نئی فلم کے لیے کاسٹ کرلیا ہے۔ فلم کی شوٹنگ اسی ماہ سے سخت ایس او پیز کے ساتھ شروع ہوگی۔ایشل فیاض نے کم عرصے میں شوبز انڈسٹری میں اپنی الگ پہچان بنائی ہے۔ ان کی نئی فلم جلد سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ 

یہ امر پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے خوش آئند ہے۔ دنیا بھر میں جاری وبائی مرض کی وجہ سے شوٹنگ رواں ماہ سے سخت ایس او پیز کے تحت شروع ہوگی۔ فلم کی کاسٹ اور کہانی ابھی بھی ایک راز ہے اور ٹیم اس کے تمام تر اعلانات شوٹنگ ختم ہونے کے بعد ایک زبردست دھماکے کے ساتھ کیا جائے گا۔تاہم ایشل، ہدایت کار فاروق مینگل کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنے پر خوش ہیں اور انہوں نے بتایا کہ ان کا فلم میں کردار اس سے پہلے سے کیے ہوئے کرداروں سے بالکل مختلف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں اس حوالے زیادہ تفصیل نہیں بتاؤں گی، سب کو سسپنس میں رکھنا چاہتی ہوں۔ یہ پہلا موقع نہیں جب اداکارہ ایشل بڑے پردے پر نظر آئیں گی۔ اس سے قبل وہ خلیل الرحمان قمر کی ہدایت کاری میں ’’کاف کنگنا‘‘ میں سمیع خان کے ساتھ جلوہ گر ہوں چکی ہے۔علاوہ ازیں ایشل کو ڈراما سیریل آبرو، تعبیر اور ہتھلیی جیسے ڈراموں میں شان دار پرفارمنس کی وجہ سے پسند کیا جا چکا ہے۔ اب فلم بین انہیں ایک مرتبہ پھر سنیما اسکرین پر جلوہ گر ہوتے دیکھیں گے۔

اداکارہ ژالے سرحدی غیر ملکی فلم میں کام کریں گی!!

پاکستان فلم اور ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ ژالے سرحدی جلد ہی بین الاقوامی فلم میں ڈیبیو کرنے جارہی ہیں۔ فلم کی شُوٹنگ کا آغاز رواں ماہ کے آخر میں ہوجائے گا۔ژالے سرحدی کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی بین الاقوامی فلم میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ یہ اُن کی بین الاقوامی سطح پر پہلی فلم ہوگی، جس میں وہ ایکشن میں دکھائی دیں گی۔انہوں نے اپنی غیر ملکی فلم کے حوالے سے بتایا کہ وہ کسی بھارتی فلم نہیں بلکہ انٹرنیشنل فلم کا حصہ ہوں گی۔ 

اداکارہ نے اپنی فلم کے حوالے سے زیادہ تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ژالے نے بتایا کہ غیر ملکی فلم کی ہدایات بہت معروف فلم ساز دیں گے، یہاں انہوں نے ہدایت کار کا نام نہیں بتایا۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ ایک کمرشل فلم ہوگی اور رواں ماہ کے آخر میں ممکنہ طور پر اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا جائے گا۔

انمول بلوچ نے عمدہ اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے!!

ٹیلی ویژن انڈسٹری کی تیزی سے ابھرتی ہوئی خُوب صورت اداکارہ انمول بلوچ کی شہرت اور کام یابی میں اضافہ ہو گیا ہے، ان کو اِن دنوں نوجوان ہدایت کار کامران اکبر کے ڈرامے قربتیں میں نئی نسل کے پسندیدہ اداکار شہباز شگری کے ساتھ بے حد پسند کیا جارہا ہے۔ دونوں فن کاروں کی دل چھولینے والی پرفارمنس نے ناظرین کے دل جیت لیے ہیں۔ کامران اکبر کو فلم اور ڈراموں کی ڈائریکشن کا تجربہ ہے۔ 

انہوں نے ایک بڑے بجٹ کی فلم ’’ہلہ گلہ‘‘ بھی ڈائریکٹ کی تھی، جب کہ انمول بلوچ کو اس سے قبل کئی ڈراما سیریل میں مختلف نوعیت کے دل چسپ کرداروں میں پسند کیا جا چکا ہے۔

کامران اکبر کی ہدایت کاری میں اور شہباز شگری کے ساتھ پہلی بار کام کیا ہے۔ واضح رہے کہ اداکارہ انمول بلوچ کو ڈراما سیریل ایک لڑکی عام سی، دیوار شب، اور سزائے عشق میں بے حد پسند کیا گیا۔

تازہ ترین
تازہ ترین