• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارکن، عوام کو پی ٹی آئی حکومت کی نااہلیوں سے آگاہ کریں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت پنجاب کے عہدیداران کا اجلاس لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں قمر زمان کائرہ، اعتزاز احسن اور چودھری منظور سمیت پنجاب کے دیگر عہدیداران اور منتخب نمائندے شریک۔

اجلاس میں این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب کا حصہ کم ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے مسلم لیگ ن کے وفد سے ملاقات اور اے پی سی سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا۔ شرکا اجلاس کا کہنا تھا کہ ن لیگ اپوزیشن کو اکٹھا کرنے میں سنجیدہ نہیں۔

 پیپلز پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ماضی میں بھی اپوزیشن کو استعمال کیا، اب بھی ن لیگ کا کردار مشکوک ہے، پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنماؤں نے صوبے کی سیاسی صورت حال پر بھی گفتگو کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاء نے اپوزیشن کو متحد کرنے سے متعلق بلاول کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اجلاس میں پیپلز پارٹی کو پنجاب بھر میں سیاسی طور پر مزید فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے پنجاب کے رہنماؤں کو صوبائی حکومت کی نااہلیوں کو اجاگر کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ کارکن گھر گھر جاکر عوام کو پی ٹی آئی حکومت کی نااہلیوں سے آگاہ کریں۔ پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہوچکی ہے۔ پنجاب حکومت کی ناکامی نے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی پنجاب کے عوام کے مسائل کو حل کرسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ وفاق کو پنجاب کے 483 ارب روپوں پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔

تازہ ترین