اسلام آباد(ایجنسیاں)قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ممبرز کی سابق صدر آصف علی زرداری اور سندھ حکومت پر شدید تنقید‘بولنے کی اجازت نہ ملنے پرپیپلزپارٹی کا ہنگامہ‘شورشرابہ‘ نعرے بازی ‘سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا‘ڈپٹی اسپیکرنے اپوزیشن کو جھاڑ پلاتے ہوئے کہا کہ مجھے رولز نہ سمجھائیں روزانہ رولز پڑھ کر آتا ہوں‘لسٹ سے ہٹ کر کسی کو بولنے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ لاہور کی تصاویر میں بھی گاڑیاں سڑکوں پر تیر رہی ہیں،کے پی کے میں وزیر دفاع کے اپنے گاؤں کے اسکول میں گدھا بندھا ہے‘کپتان نے پاکستان کی معیشت تباہ کردی ‘ کل کے سپریم کورٹ کے فیصلے نے ثابت کردیا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ سے حکومت چل رہی ہے ،نیب نیازی گٹھ جوڑ نہ ہوتو یہ حکومت ایک دن نہیں چل سکتی۔ کچھ اے ٹی ایمز بھاگ چکی ہیں کچھ کرونا کی وجہ سے باہر نہیں جاسکیں ۔میاں جاوید لطیف نے کہاکہ چینی اسکینڈل‘ادویات کا اسکینڈل ‘ڈالر اسکینڈل،اتنے اسکینڈلز کے باوجود اگر کوئی کہے کہ مجھے فرشتہ سمجھیں تو ایسا نہیں ہو سکتا۔