• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشانت خودکشی معاملہ، سنجے لیلا اور آدتیہ چوپڑا کے بیان میں فرق

بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ  کی خودکشی کے معاملے میں ممبئی پولیس نے فلم ساز آدتیہ چوپڑا کا بیان بھی قلم بند کرلیا ہے، اس سے قبل اس معاملے میں سنجے لیلا بھنسالی سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ ممبئی پولیس کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی اور آدتیہ چوپڑا کے بیانات میں کافی فرق ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشانت سنگھ خودکشی معاملےمیں ممبئی پولیس نےکچھ روز قبل ’یش راج فلمز‘ کے آدتیہ چوپڑا سے پوچھ گچھ کی تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ آدتیہ چوپڑا سے پولیس اسٹیشن میں صبح ساڑھے آٹھ بجے سے 12 بجے تک پوچھ گچھ کی گئی۔

اس سے پہلے ممبئی پولیس نے اس معاملے میں سنجے لیلا بھنسالی کا بیان ریکارڈ کیا تھا، جس میں بھنسالی نے بتایا تھا کہ وہ سوشانت کو اپنی فلم ’رام لیلا‘ اور ’باجی راؤمستانی‘ میں لینا چاہتے تھے لیکن سوشانت اُس وقت یش راج فلمز کے ساتھ کنٹریکٹ میں تھے تو اس لیے وہ یہ فلم نہیں کر پائے تھے۔

یہ بھی پڑھیے: سوشانت خودکشی معاملہ، سنجے بھنسالی کو پولیس نے طلب کرلیا

سنجے لیلا نے بتایا تھا کہ اس سلسلے میں انہوں نے یش راج پروڈکشن سے بات بھی کی تھی لیکن بات نہیں بن پائی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشانت خودکشی معاملے میں یش راج فلمز کے آدتیہ چوپڑا کا بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا ہے جس میں انہوں نے اس بات سے صاف انکار کردیا کہ سنجے لیلا بھنسالی نے اُن سے رابطہ کیا تھا۔

آدتیہ چوپڑا نے پولیس کو بتایا کہ سنجے لیلا بھنسالی نے یش راج فلمز سے بات نہیں کی تھی کہ وہ سوشانت کو اپنی فلم ’باجی راؤمستانی‘ میں کاسٹ کرنا چاہتے ہیں۔ آدتیہ چوپڑا نے پولیس کو بتایا کہ جب سوشانت یش راج فلمز کے ساتھ کنٹریکٹ میں ہوتے ہوئے ’مہندر سنگھ دھونی‘ کی بایوپک میں کام کرسکتے ہیں تو کیا باجی راؤ مستانی میں نہیں کرسکتے تھے؟

پولیس ذرائع کے مطابق آدتیہ چوپڑا نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ سنجے لیلا بھنسالی کے اُن پر لگائے الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے، کیونکہ بھنسالی کی فلم ’رام لیلا ‘ رنویر سنگھ نے سال 2012 میں سائن کی تھی اور یش راج کے ساتھ سوشانت کا کنٹریکٹ بھی سال 2012 کے نومبر میں شروع ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: سشانت سنگھ خودکشی کیس، سنجے لیلا بھنسالی کا بیان ریکارڈ

انہوں نے کہا کہ سوشانت کو سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ فلم میں کام نہ کرنے دینے کے لیے یش راج فلمز نے اجازت نہیں دی تھی یہ بات بالکل غلط ہے۔ اس کےعلاوہ آدتیہ چوپڑا سے اُن کی فلم ’پانی‘ سے متعلق بھی سوالات کیے گئے، جس میں انہوں نے سوشانت کو کاسٹ کیا تھا لیکن پھر فلم بنائی ہی نہیں اور سوشانت کا ایک سال برباد ہوگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آدتیہ چوپڑا نے اپنے بیان میں سوشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی سے متعلق بھی کچھ اہم انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سال قبل ریا چکرورتی اُن کے ساتھ یورپ ٹور پر گئی تھیں۔ وہاں ریا نے دو اشتہارات کی شوٹنگ کی تھی، اس دوران اُن کی فلائٹ ٹکٹ، ہوٹل، ایڈ شوٹ کے تمام اخراجات آدتیہ چوپڑا کی کمپنی نے اُٹھائے تھے۔

اس کے علاوہ ریا چکرورتی کے دیگر اخراجات سوشانت نے اُٹھائے تھے، اس ٹور کے دوران ریا نے شاپنگ بھی کی تھی اور شاپنگ کے لیے انہوں نے سوشانت کا کریڈٹ کارڈ استعمال کیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق پوچھ گچھ میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ریا چکرورتی نے گزشتہ سال گیارہ مہینوں میں سوشانت سنگھ کے اکاؤنٹ سے کافی رقم خود کے لیے خرچ کی ہے اور یہ رقم کتنی ہے اس کی فی الحال تحقیقات کی جارہی ہیں۔

تازہ ترین