اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے گوادر بندرگاہ سے جڑے ہوئے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بندرگاہ مستقبل میں ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہو گی۔
دور دراز اور پسماندہ علاقوں خصوصاً بلوچستان، انضمام شدہ علاقوں اور سندھ کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی اور بہتر کوریج کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے، عمران خان نے تمام چیف سیکرٹری صاحبان کو ایک ہفتے میں تعمیرات کے حوالے سے ون ونڈو کی سہولت اور حکومتی اجازت ناموں۔
فیسوں کی ادائیگیوں، مختلف متعلقہ محکموں کی جانب سے درخواستوں پر متوازی کام ہونے کا آن لائن نظام متعارف کرانے کے سلسلے میں لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعمیرات کے شعبے کے لیے حکومتی مراعاتی پیکیج کا مقصد معاشی عمل کو تیز کرنے اور تعمیرات کے شعبے سے منسلک صنعتوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عام آدمی اور خصوصاً کم آمدنی والے افراد کے اپنے گھر کے خواب کی تکمیل ہے۔
حکومت اس ضمن میں نظام کو آسان سے آسان تر بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔