• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوٹیوب پر پابندی عائد کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے، بلال مقصود

اسٹرنگز بینڈ کے رکن اور نامور کمپوزر و گلوکار بلال مقصود کا کہنا ہے کہ یوٹیوب پر پابندی عائد کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔

بلال مقصود نے یوٹیوب پر پابندی کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنا خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔


انسٹاگرام پر جاری کردہ اپنے پیغام میں گلوکار نے کہا کہ ’یوٹیوب یا دیگر سوشل ایپس پر پابندی لگانا کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔‘

بلال مقصود نے کہا کہ ’آج کے اِس جدید دور میں ان مسائل پر بات کرنے سے ہم اپنے ملک کو 20 سال پیچھے لیکر جارہے ہیں۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’جس کو نامناسب مواد دیکھنا ہے وہ یوٹیوب کا محتاج نہیں ہے۔‘

گلوکار کے اس پیغام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے اور صارفین بھی بلال مقصود کی حمایت کرتے نظر آرہے ہیں۔

اِس سے قبل اعجاز اسلم زارا نور عباس اور مہوش حیات سمیت دیگر شوبز ستاروں نے بھی یوٹیوب پر پابندی کے خلاف اپنے پیغامات جاری کیے تھے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر مہوش حیات نے ٹوئٹ کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں لکھا تھا کہ ’کیا واقعی یوٹیوب پر پابندی عائد کی جارہی ہے؟ کیا اس کے بعد ٹوئٹر، انسٹاگرام، نیٹ فلیکس، فیس بُک اور یہاں تک کے واٹس اپ پر بھی پابندی لگائی جائے گی؟‘

مہوش حیات نے شدید غصےکا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آزادی رائے ہر معاشرے کا ایک بنیادی اصول ہے اور پاکستان میں تو سوشل میڈیا چیک اینڈ بیلنس فراہم کرتا ہے جو کہ مین اسٹریم پر نہیں ہوتا ہے۔‘

اداکارہ نے کہا تھا کہ ’میرا خیال یہ ہے کہ ترقی پسند ریاستوں کو اس طرح کی پابندی کا سہارا لینے کی ضرورت ہی نہیں ہے۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہی سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر قابل اعتراض مواد کا نوٹس لیا ہے۔

تازہ ترین