پشاور کے نواحی علاقے متنی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افرادقتل کردیے گئے، اہل علاقہ نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔
پولیس کے مطابق مقتولین آپس میں قریبی رشتے دار تھے، قتل کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق تینوں نوجوان شہزاد احمد، فاروق احمد اور عثمان موٹر سائیکل پر گھر آرہے تھے کہ ملا کلے کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق متنی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے دوران قتل کیے افراد میں سیکیورٹی فورسز کا ملازم بھی شامل ہے، 22 سالہ شہزاد احمد قبائلی ضلع باجوڑ میں فرنٹئر کور کا ملازم ہے۔
مقامی پولیس نے اطلاع ملنے پر نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا۔
تہرے قتل کی اس واقعہ پر علاقہ کے لوگوں نے تینوں نوجوانوں کی لاشیں روڈ پر رکھ کر احتجاج کیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
پولیس نے مقتولین کے رشتہ دار احسان اللّٰہ کی جانب سے دفعہ 302 کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔