• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور: مویشی منڈی میں جانور موجود، خریداروں کا رش کم


پشاور میں رنگ روڈ پر قائم مویشی منڈی میں جانوروں کی خریداری کے لیے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک طرف تو مویشی منڈی میں عوام کا رش کم دکھائی دے رہا ہے، دوسری جانب مویشی منڈی میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ضابطہ اخلاق (ایس او پیز) پر عمل درآمد بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

پشاور میں عیدالاضحیٰ کی آمد پر مویشی منڈیاں سج گئی ہیں، رنگ روڈ پر قائم مویشی منڈی میں جانوروں کی خریداری کے لئے شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

پشاور کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں ایک سے بڑھ کر ایک قربانی کا جانور دستیاب ہے، تاہم موشی منڈیوں میں کورونا کے سدباب کے لیے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے، منڈیوں میں ماسک اور نہ ہی سینی ٹائزر کا استعمال کیا جارہا ہے۔

منڈی میں داخل ہوتے وقت تھرمل گن تک دستیاب نہیں، جس سے انسانی جسم کا درجہ حرارت چیک کیا جاسکے جبکہ پابندی کے باوجود زیادہ عمر کے افراد بھی منڈی کا رخ کررہے ہیں۔

دوسری جانب منڈی کی انتظامیہ کے مطابق حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اپنی سطح پر انتظامات کئے گئے ہیں تاہم بار بار تنبیہ کے باوجود عوام تعاون نہیں کررہے ہیں۔

منڈیوں میں صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات بھی نہیں، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر متعلقہ انتظامیہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

تازہ ترین